Saturday, December 6, 2025
ہومNationalیوپی پولیس نے آٹھ سال میں256 انکاونٹر کیے

یوپی پولیس نے آٹھ سال میں256 انکاونٹر کیے

18 پولیس اہلکار بھی جاں بحق ہوئے:مجموعی طور پر 15,726 انکاونٹر کیے گئے

لکھنؤ:14 اکتوبر (یو این آئی) اتر پردیش پولیس نے گزشتہ آٹھ سالوں کے دوران مختلف پولیس انکاونٹر میں 256 خطرناک اور مطلوب مجرموں کو ہلاک کیا ہے، جبکہ اس دوران 18 پولیس اہلکار بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق، پولیس نے مشن شکتی 5.0 کے تحت گزشتہ بیس دنوں میں ایک درجن سے زائد انکاونٹر کیے، جن میں متعدد بدنامِ زمانہ مجرم مارے گئے اور کئی کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ گذشتہ پیر کے روز میرٹھ میں ایک کمسن بچی کے ساتھ درندگی کے ملزم اور 25 ہزار کے انعامی مجرم شہزاد عرف نکّی کو پولیس نے ہلاک کیا۔ چند روز قبل بریلی میں اداکارہ دِشا پٹانی کے گھر پر فائرنگ کرنے والے مجرموں کے خلاف بھی پولیس نے مؤثر کارروائی کی۔ذرائع کے مطابق، گزشتہ ساڑھے آٹھ برسوں میں اتر پردیش پولیس نے مجموعی طور پر 15,726 انکاونٹر کیے، جن میں 31,960 مجرم گرفتار ہوئے اور 10,324 زخمی ہوئے۔ پولیس کی ان کارروائیوں میں 18 پولیس اہلکار شہید جبکہ 1,754زخمی ہوئے۔اعداد و شمار کے مطابق، میرٹھ زون میں سب سے زیادہ کارروائیاں ہوئیں — کل 4,453 انکاونٹر میں 8,312 مجرم گرفتار، 3,131 زخمی اور 85 خطرناک مجرم ہلاک ہوئے۔ اس زون میں دو پولیس اہلکار بھی شہید ہوئے۔اسی طرح، وارانسی زون میں 1,108 انکاونٹروں کے دوران 2,128 مجرم گرفتار اور 27 ہلاک ہوئے، جبکہ آگرہ زون تیسرے نمبر پر رہا، جہاں 2,374 انکاونٹر میں 5,631 گرفتاریاں اور 22 مجرموں کی ہلاکت ہوئی۔اسی طرح سے دیگر زونز میں بھی نمایاں کارروائیاں ہوئیں جن میں لکھنؤ زون میں 846 انکاونٹر میں 17، پریاگ راج زون میں 572 انکاونٹر میں 10، بریلی زون میں 2,059 انکاونٹر میں 17 ، کانپور زون میں 717 انکاونٹر میں 12 اور گورکھپور زون میں 642 انکاونٹر کے دوران 8 مجرمین مارے گئے۔کمشنریٹ سطح پر بھی پولیس نے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ گؤتم بدھ نگر میں 1,117 انکاونٹر ہوئے، جن میں 9 مجرم مارے گئے، جبکہ غازی آباد کمشنریٹ میں 736 انکاونٹر کے دوران 13 مجرم ہلاک ہوئے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت اتر پردیش میں منظم جرائم، مافیا گیری اور غیر قانونی وصولیوں کے خلاف سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ پولیس نے نہ صرف انکاونٹروں کے ذریعے مجرموں کا خاتمہ کیا بلکہ ان کی جائیداد ضبطی، گینگیسٹر ایکٹ اور این ایس اے جیسے سخت قوانین کا بھی مؤثر استعمال کیا ہے۔حکومت کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں سے ریاست میں جرائم کا گراف نیچے آیا ہے، مجرموں میں خوف اور عوام میں تحفظ کا احساس بڑھا ہے۔ یوگی حکومت کا دعویٰ ہے کہ اتر پردیش اب خوف سے آزاد اور محفوظ ریاست کی شکل اختیار کر چکا ہے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات