مودی حکومت کی کسان مخالف پالیسیوں پر کی تنقید
نئی دہلی، 23 دسمبر (یو این آئی) کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے نے منگل کے روز سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ کے یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے لیڈر تھے جنہوں نے ہمیشہ کسانوں کے حقوق کی حمایت کی مسٹر کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں چودھری چرن سنگھ کا قول نقل کیا “ملک کی خوشحالی کا راستہ ہمارے گاؤں کے کھیتوں اور کھلیانوں سے گزرتا ہے: چودھری چرن سنگھ “۔مسٹر کھڑگے نے یوم کسان پر تمام کسان بھائیوں اور بہنوں اور کھیت کے مزدوروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا، “کسان بذات خود ہندوستان ہیں، ملک کا فخر، ملک کی شناخت ہیں۔”تاہم، مسٹر کھڑگے نے اس موقع پر مودی حکومت کی مبینہ کسان مخالف پالیسیوں کی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا، “گزشتہ 11 سالوں میں، مودی حکومت نے اپنی ہٹ دھرمی اور کسان مخالف پالیسیوں کے ذریعے کروڑوں کسانوں کے ساتھ ظلم کیا ہے اور انہیں جھوٹے وعدوں سے دھوکہ دیا ہے۔”مسٹر کھڑگے نے کہا، “کسانوں کے لیے انصاف کی لڑائی جاری ہے، اور کانگریس پارٹی ان کے حقوق اور بہبود کے لیے لڑتی رہے گی۔ یہ ہمارا عزم ہے۔”انہوں نے کہا کہ چودھری چرن سنگھ کسانوں کے حقوق کے بڑے وکیل تھے اور انہوں نے 1979 سے 1980 تک وزیر اعظم کے طور پر اپنے دور میں ہندوستان کی زراعتی پالیسیوں کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔



