داخلہ سیکریٹری نے عدالتِ عظمیٰ سے معافی مانگی؛ ضمانت کو چیلنج کرنے کی یقین دہانی کرائی
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،14 نومبر :۔ جھارکھنڈ کی داخلہ سیکریٹری وندنا ڈاڈیل نے سپریم کورٹ کے روبرو آن لائن پیش ہو کر عدالت سے معذرت طلب کی اور یقین دہانی کرائی کہ رانچی کے ڈیلی مارکیٹ ٹیکسی اسٹینڈ میں سونو اِمرورز قتل معاملے کے دو ملزمان شمشیر اور ارشد کو ملی ہائی کورٹ کی پیشگی ضمانت کو حکومت دو ہفتوں کے اندر چیلنج کرے گی۔ اس یقین دہانی کے بعد عدالت نے عمران عرف گڈّو کی ضمانت درخواست کی سماعت دو ہفتوں کے لیے مؤخر کر دی۔جسٹس جے بی پاردیوالا اور جسٹس کے وی وِشواناتھن کی بنچ نے عمران کی درخواست کو فہرست میں سب سے پہلے لیا۔ کارروائی کے آغاز میں عدالت نے داخلہ سیکریٹری کی موجودگی کی تصدیق کی اور ریاستی انتظامیہ کی لاپروائی پر سخت سوالات اٹھائے۔ سیکریٹری نے عدالت سے معافی مانگی اور کہا کہ آئندہ ایسی کوتاہی نہیں ہوگی، جبکہ ریاست کے سرکاری وکیل نے بھی اپنی غیر حاضری پر معذرت کی۔عدالت نے پولیس سے یہ بھی دریافت کیا کہ چشم دید گواہوں اور مقتول کے والد کے بیانات کے باوجود عمران، ارشد اور شمسیر کے خلاف کلوزر رپورٹ کس بنیاد پر دائر کی گئی۔ حکومت نے وضاحت دی کہ تفتیشی افسر نے کئی اہم شواہد رپورٹ میں شامل نہیں کیے تھے۔ مزید بتایا گیا کہ ٹرائل کے دوران عدالت نے دفعہ 319 کے تحت عمران، ارشد اور شمشاد کو ملزم نامزد کیا تھا۔ ارشد اور شمشاد نے اس فیصلے کو چیلنج کیا اور ہائی کورٹ سے پیشگی ضمانت حاصل کی۔عمران نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو چیلنج نہیں کیا تھا، جس کے باعث اس کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری ہوا، بعد میں وہ گرفتار ہوا اور ہائی کورٹ سے ضمانت کی درخواست کی، جو مسترد کر دی گئی۔ بعد ازاں اس نے سپریم کورٹ میں اپیل کرتے ہوئے یہ مؤقف اختیار کیا کہ جب دو دیگر ملزمان کو پیشگی ضمانت دی جا سکتی ہے تو اس کی باقاعدہ ضمانت کیوں رد کی گئی۔ریاست نے عدالت کو بتایا کہ کیس میں ابتدائی طور پر چھ ملزمان تھے، جن میں سے تین کے خلاف چارج شیٹ داخل کی گئی، دو کو سزا ہو چکی ہے اور ایک بری قرار پایا ہے۔عدالت نے داخلہ سیکریٹری سے استفسار کیا کہ ہائی کورٹ کی جانب سے ارشد اور شمشاد کو دی گئی پیشگی ضمانت پر حکومت کا کیا موقف ہے۔ سیکریٹری نے دو ہفتے کے اندر اس فیصلے کو چیلنج کرنے کا وعدہ کیا، جس کے بعد عدالت نے عمران، ارشد اور شمشاد کے مقدمات کو ایک ساتھ سننے کا فیصلہ کیا۔



