ترواننت پورم/نئی دہلی، 2 اپریل (یو این آئی) کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا نے کیرالہ اسمبلی انتخابی مہم کے دوران جمعرات کے روز انتخابی مہم میں ریاست کے لوگوں کی ہمدردی، لگن اور خدمت کے جذبے کی بھرپور تعریف کی محترمہ پرینکا گاندھی نے آج انتخابی مہم کے دوران ایک جلسہ عام میں کہا کہ “کیرالہ کے لوگوں میں جو ہمدردی، لگن اور ایک دوسرے کے تئیں ذمہ داری کا احساس ہے، وہی ‘کیرالہ کی روح، ہے۔” انہوں نے کہا کہ ان کے بھائی راہل گاندھی نے حال ہی میں ذکر کیا تھا کہ اسپتال میں ان کی والدہ کی دیکھ بھال کرنے والی کیرالہ کی نرسوں نے خاندان کے رکن کی طرح خدمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے پارلیمانی حلقے میں لوگوں سے ملاقات کے دوران انہیں یہی جذبہ محسوس ہوا۔انہوں نے کہا کہ چاہے دودھ پیدا کرنے والے ہوں، جو اپنے جانوروں کو کنبے کی طرح رکھتے ہیں، یا پھر آشا اور آنگن واڑی کارکنان، جو 24 گھنٹے سماج کی خدمت میں مصروف رہتے ہیں۔اس کے علاوہ انہوں نے ماہی گیروں، خواتین اور یتیم خانوں میں کام کرنے والی کیتھولک نَنز کی خدمات کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود ان کا حوصلہ اور خدمت کا جذبہ کیرالہ کی پہچان ہے۔ قابلِ ذکر ہے کہ کیرالہ انتخابات سے کانگریس پارٹی کو کافی امیدیں ہیں، اسی لیے گاندھی خاندان کی جانب سے وہاں مسلسل کیمپ اور انتخابی مہم کو تیز کیا جا رہا ہے۔



