نئی دہلی، 16 نومبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے جھانسی میڈیکل کالج میں آگ لگنے سے نوزائیدہ بچوں کی موت پر غم کا اظہار کیا۔مسٹر مودی نے ہفتہ کو ٹویٹر پر کہا ’’دل دہلا دینے والا! اتر پردیش کے جھانسی کے میڈیکل کالج میں آگ لگنے کا واقعہ کافی تکلیف دہ ہے۔ ان لوگوں کے ساتھ میری گہری تعزیت ہے جنہوں نے اپنے معصوم بچوں کو کھو دیا ہے۔ ایشور سے پرارتھنا ہے کہ وہ انہیں یہ بڑا دکھ برداشت کرنے کی ہمت دے۔ ’’ریاستی حکومت کی نگرانی میں، مقامی انتظامیہ راحت اور بچاؤ کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔‘‘واضح رہے کہ جھانسی کے مہارانی لکشمی بائی میڈیکل کالج کے نوزائیدہ بچوں کی انتہائی نگہداشت یونٹ (این آئی سی یو) میں جمعہ کی دیر رات آگ لگنے سے 10 بچوں کی موت ہو گئی۔اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے مرنے والوں کی روح کے سکون کے لئے پرارتھنا کی ہے اور افسران کو جنگی بنیادوں پر راحت اور بچاؤ کام انجام دینے کا حکم دیا ہے۔



