Friday, January 2, 2026
ہومNationalاندور میں آلودہ پانی سے اموات کا سلسلہ جاری، تعداد 14 تک...

اندور میں آلودہ پانی سے اموات کا سلسلہ جاری، تعداد 14 تک پہونچی

2456 افراد بیمار، 162 ہسپتال میں داخل، وزیر کیلاش وجے ورگیہ کے بیانات پر تنازع

اندور، یکم جنوری (ہ س): مدھیہ پردیش کے اندور شہر کے بھاگیرتھ پورا علاقے میں آلودہ پانی پینے سے بیمار ہونے والوں اور اموات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جمعرات کو ایک اور مریض کی موت کے بعد مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 14 ہو گئی ہے۔ اب تک 2456 مریضوں کی شناخت کی جا چکی ہے، جن میں سے 162 افراد مختلف ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ 26 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور وہ آئی سی یو میں داخل ہیں۔جمعرات کو آلودہ پانی سے ہونے والی 14ویں موت کی تصدیق ہوئی۔ مہلوک کی شناخت اروند (43)، ولد ہیرا لال، ساکن کلکرنی بھٹہ کے طور پر کی گئی ہے۔ وہ گزشتہ اتوار کو بھاگیرتھ پورا میں کام کے لیے آیا تھا، جہاں طبیعت خراب ہونے پر واپس گھر لوٹ گیا۔ بعد میں علاج کے دوران ایک نجی ہسپتال میں اس کی موت ہو گئی۔ اس سے قبل بدھ دیر رات تک علاقے میں 13 افراد کی موت ہو چکی تھی، جن میں خواتین، بزرگ اور ایک پانچ ماہ کی بچی بھی شامل ہے۔بھاگیرتھ پورا علاقے میں اب بھی نئے مریض سامنے آ رہے ہیں۔ شہر کے 14 سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں متاثرہ افراد کا علاج جاری ہے۔ ادھر جمعرات کی صبح وزیر کیلاش وجے ورگیہ متاثرہ علاقے میں پہنچے اور سات مہلوکین کے لواحقین کو دو، دو لاکھ روپے کے چیک دیے، تاہم بعض لواحقین نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے امدادی رقم لینے سے انکار کر دیا۔محکمہ صحت نے بھاگیرتھ پورا اور اس سے متصل علاقوں میں انفیکشن پھیلنے کی اطلاع کے بعد 21 طبی ٹیمیں تشکیل دی ہیں، جن میں ڈاکٹر، پیرامیڈیکل اسٹاف، اے این ایم اور آشا کارکن شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 11 ایمبولینسیں بھی تعینات کی گئی ہیں۔ اب تک 7992 گھروں کا سروے کیا جا چکا ہے۔ انتظامیہ نے نجی ہسپتالوں میں تال میل کے لیے محکمہ صحت کے ڈاکٹروں کے ساتھ ریونیو افسران کو بھی تعینات کیا ہے۔اس معاملے پر ایڈیشنل چیف سکریٹری سنجے دوبے نے جمعرات کو متاثرہ علاقے کا معائنہ کیا۔ اس دوران پانی کی ٹنکیوں اور گھروں سے سیمپل لیے گئے، پانی سپلائی اور سیوریج لائنوں کی لیکیج کی مرمت کے کاموں کا جائزہ لیا گیا اور آیوشمان آروگیہ سنجیونی کلینک کا بھی معائنہ کیا گیا۔دریں اثنا، آلودہ پانی سے ہونے والی اموات کے معاملے پر وزیر کیلاش وجے ورگیہ کے بعض بیانات کو لے کر تنازع بھی سامنے آیا ہے، جس پر سیاسی اور عوامی حلقوں میں ردِعمل ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات