پرنٹ مہم کے لیے پیشگی تصدیق لازمی قرار
نئی دہلی، 6 اپریل (یو این آئی) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے 2026 کے آئندہ اسمبلی انتخابات اور ضمنی انتخابات کے لیے پرنٹ میڈیا میں سیاسی اشتہارات پر سخت رہنما خطوط نافذ کر دیے ہیں، جس کے تحت پولنگ کے دن اور اس سے ایک روز قبل تمام اشتہارات کی پیشگی تصدیق لازمی ہوگی۔یہ ہدایت کمیشن کی جانب سے 15 مارچ کو آسام، کیرالہ، پڈوچیری، تمل ناڈو اور مغربی بنگال کے انتخابی شیڈول کے ساتھ ساتھ چھ ریاستوں میں ضمنی انتخابات کے اعلان کے بعد سامنے آئی ہے۔ تمام امیدواروں اور جماعتوں کو مساوی موقع فراہم کرنے کی کوششوں کے تحت، کمیشن نے واضح کیا ہے کہ “کوئی بھی سیاسی جماعت، امیدوار، تنظیم یا فرد پولنگ کے دن اور اس سے ایک دن پہلے پرنٹ میڈیا میں کوئی اشتہار شائع نہیں کرے گا، جب تک کہ وہ میڈیا سرٹیفیکیشن اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی (ایم سی ایم سی ) سے پہلے سے تصدیق شدہ نہ ہو۔”الیکشن کمیشن کے حکام نے زور دے کر کہا کہ اس اقدام کا مقصد غلط معلومات کی روک تھام اور سیاسی پیغامات میں شفافیت برقرار رکھنا ہے۔ ایک سینئر انتخابی اہلکار نے بتایا، “مقصد مہم کے منصفانہ ماحول کو یقینی بنانا اور آخری لمحات میں کسی بھی غیر مصدقہ یا گمراہ کن مواد کو ووٹرز پر اثر انداز ہونے سے روکنا ہے۔”رہنما خطوط کے تحت، امیدواروں اور افراد کو ضلع سطح کی ایم سی ایم سی سے منظوری لینی ہوگی، جبکہ ریاست یا مرکز کے زیر انتظام علاقے میں ہیڈکوارٹر رکھنے والی تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کو سرٹیفیکیشن کے لیے ریاستی سطح کی ایم سی ایم سی سے رجوع کرنا ہوگا۔ درخواستیں اشاعت کی مطلوبہ تاریخ سے کم از کم دو دن پہلے جمع کرائی جانی چاہئیں تاکہ جانچ پڑتال کے لیے کافی وقت مل سکے۔یہ قوانین پولنگ کی تاریخوں کے مطابق سختی سے لاگو ہوں گے۔ آسام، کیرالہ اور پڈوچیری کے لیے، جہاں پولنگ 9 اپریل کو شیڈول ہے، 8 اور 9 اپریل کو شائع ہونے والے اشتہارات کے لیے پیشگی تصدیق لازمی ہوگی۔ تمل ناڈو میں 23 اپریل کو ہونے والی پولنگ کے لیے 22 اور 23 اپریل کے اشتہارات کی تصدیق درکار ہوگی۔ مغربی بنگال میں، جہاں 23 اپریل اور 29 اپریل کو دو مرحلوں میں ووٹنگ ہوگی، اسی طرح کی پابندیاں ہر پولنگ تاریخ سے ایک دن پہلے اور پولنگ والے دن نافذ رہیں گی۔اشتہارات کو ریگولیٹ کرنے کے علاوہ، کمیشن نے ایم سی ایم سی کو ‘پیڈ نیوز،کے مشتبہ معاملات پرسخت نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ حکام کو خلاف ورزیوں کے خلاف مناسب کارروائی کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔



