غیر قانونی اسلحہ کے کاروبار کے پیچھے کسی بڑے گینگ کی سازش کا امکان
حاجی پور/لال گنج29 اکتو بر(محمد آصف عطا)بہار ایس ٹی ایف کی ٹیم اور ضلع کے کرتاہاں تھانہ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تھانہ علاقہ کے گھٹارو گاؤں میں چھاپہ مارا۔یہ چھاپہ چنمُن دیوی زوجہ اوما شنکر سنگھ کے گھر پر ڈالا گیا۔ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق بہار ایس ٹی ایف کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ اوما شنکر سنگھ کے گھر میں بڑی مقدار میں غیر قانونی اسلحہ کا ذخیرہ چھپایا گیا ہے۔اسی اطلاع کی بنیاد پر ایس ٹی ایف کی ایک خصوصی ٹیم شام تقریباً پانچ بجے گاؤں میں داخل ہوئی اور رات کے بارہ بجے تک تلاشی مہم جاری رہی۔اس دوران گاؤں میں بھگدڑ مچ گئی۔ لوگ اپنے گھروں میں دبک گئے جبکہ کچھ افراد نے دور سے خاموشی کے ساتھ پوری کارروائی کو دیکھا۔ذرائع کے مطابق چھاپے کے دوران ایس ٹی ایف نے اوما شنکر سنگھ کے گھر سے بھاری مقدار میں دیسی کٹے، کارتوس، رائفل اور اسلحہ کے پرزے برآمد کیے ہیں۔ابتدائی تحقیقات میں یہ اشارہ ملے ہیں کہ یہ ہتھیار مقامی مجرموں اور گینگوں کو سپلائی کیے جانے والے تھے۔ایس ٹی ایف ٹیم نے برآمد شدہ اسلحہ کو ضبط کر کے پورے گھر کو سیل کر دیا ہے۔ساتھ ہی اوما شنکر سنگھ اور اس کے کچھ ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کئی مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔بتایا جا رہا ہے کہ اوما شنکر سنگھ کے پڑوسی ویرندر سنگھ ولد آنجہا نی رام پرساد سنگھ نے یہ ہتھیار اس کے گھر میں چھپائے تھے۔جبکہ خود ویرندر سنگھ گھر چھوڑ کر فرار ہو گیا تھا۔دوسری جانب ایس ٹی ایف ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ایک بڑے نیٹ ورک کی کڑی ہے جو بہار کے کئی اضلاع میں سرگرم ہے۔اسلحہ کی برآمدگی کے بعد یہ مانا جا رہا ہے کہ غیر قانونی اسلحہ کے کاروبار کے پیچھے کسی بڑے گینگ کی سازش ہو سکتی ہے۔گاؤں میں چھاپے کے بعد سے علاقے میں سنّاٹا چھایا ہوا ہے۔دیہاتیوں کا کہنا ہے کہ اوما شنکر سنگھ کے گھر پر اکثر اجنبی لوگوں کی آمد و رفت رہتی تھی۔اسی دوران ایس ٹی ایف کی دوسری ٹیم نے ویرندر سنگھ کو اس کے سسرال مظفرپور سے رات گئے گرفتار کر لیا ہے۔جبکہ اسلحہ چھپانے والی چنمُن دیوی زوجہ اوما شنکر سنگھ کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ وہ ایک گھریلو خاتون ہیں۔لال گنج صدر 2 کے ایس ڈی پی او گوپال منڈل نے پریس کانفرنس کے دوران اس واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کارروائی میں 4 ہتھیار، 40 کارتوس اور کئی میگزین برآمد ہوئے ہیں۔فی الحال ایس ٹی ایف نے ضبط شدہ اسلحہ کو فرانزک جانچ کے لیے بھیج دیا ہے اور پورے نیٹ ورک کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔



