Saturday, December 6, 2025
ہومNationalقومی اردو کونسل میں ملک کی تعمیر و ترقی میں اساتذہ کا...

قومی اردو کونسل میں ملک کی تعمیر و ترقی میں اساتذہ کا کردار کے عنوان سے خصوصی لیکچر

نئی دہلی، 4 ستمبر (ہ س)۔ یومِ اساتذہ کی مناسبت سے آج قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے صدر دفتر میں ’ملک کی تعمیر و ترقی میں اساتذہ کا کردار‘ کے موضوع پر خصوصی لیکچر کا اہتمام کیا گیا۔ اس پروگرام کی صدارت پروفیسر اخترالواسع (پروفیسر ایمریٹس، جامعہ ملیہ اسلامیہ) نے کی، جبکہ خصوصی لیکچر پروفیسر جسیم احمد(اعزازی ڈائرکٹر، اے پی ڈی یو ایم ٹی، جامعہ ملیہ اسلامیہ) نے دیا۔ افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے کہا کہ تعلیم ہی وہ واحد ذریعہ ہے جس سے سماج میں مثبت تبدیلی لائی جاسکتی ہے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا جاسکتا ہے۔ انھوں نے یومِ اساتذہ کے پس منظر اور سابق صدر جمہوریہ ہند ڈاکٹر رادھا کرشنن کی زندگی کے ایک اہم واقعے پر روشنی ڈالتے ہوئے اساتذہ کی تعظیم و تکریم پر زور دیا اور کہا کہ اساتذہ کی اصل قدر یہ ہے کہ ان کی تعلیمات اور پیغام کو عملی زندگی میں اتارا جائے۔ یہی اساتذہ کے تئیں حقیقی خراجِ تحسین ہے۔
صدارتی خطاب میں پروفیسر اخترالواسع نے کہا کہ مدرسی ایک ذمے داریوں بھرا پیشہ ہے، کیونکہ طلبہ کی صورت میں پوری قوم کا مستقبل ان کے ہاتھوں میں ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہی اساتذہ ملک کی ترقی میں حقیقی کردار ادا کرسکتے ہیں جو محنت و محبت سے پڑھاتے ہیں اور بھرپور تیاری کے ساتھ تدریسی سرگرمیاں انجام دیتے ہیں۔ انھوں نے طلبہ کی خیرخواہی اور شفقت پر زور دیتے ہوئے ڈاکٹر ذاکر حسین کا قول نقل کیا کہ’اچھے استاد کی پیشانی پر علم نہیں، محبت کا عنوان ہوتا ہے۔‘ ساتھ ہی انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اساتذہ کے ساتھ ساتھ سماج کے دیگر دانش وران کو بھی ملک کی ترقی میں حصہ لینا ہوگا، تبھی ہندوستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوسکتا ہے۔
پروفیسر جسیم احمد نے اپنے لیکچر میں کہا کہ اساتذہ ملک کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کے مطابق تعلیم ترقی کی سیڑھی ہے اور جو قوم تعلیم سے غافل ہوجاتی ہے وہ کبھی ترقی نہیں کرسکتی۔ انھوں نے زور دیا کہ اساتذہ بچوں کو تہذیب و تمدن سے آراستہ کریں اور ان کی شخصیت کو تخریبی عناصر سے پاک کریں، تاکہ وہ اپنی توجہ تعلیم اور بہتر مستقبل پر مرکوز رکھ سکیں۔ پروفیسر جسیم احمد نے نئی تعلیمی پالیسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ وقت میں اساتذہ کے لیے لازمی ہے کہ وہ ملٹی ڈسپلنری مہارت رکھتے ہوں تاکہ طلبہ کی بہتر رہنمائی کرسکیں۔
ڈاکٹر کلیم اللہ (آر او، این سی پی یو ایل) کے اظہارِ تشکر کے ساتھ یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ اس موقعے پرپروفیسر قاضی عبید الرحمن ہاشمی، پروفیسر شہناز انجم، پروفیسر فاروق بخشی، جناب خورشید عالم،پروفیسر مشتاق عالم قادری،پروفیسر ضیاء الرحمن صدیقی، جناب سراج عظیم اورکونسل کا تمام عملہ موجود رہا۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات