سومنات مندر آج بھی سوابھیمان کے ساتھ کھڑا ہے: وزیر اعظم مودی
سومنات، 11 جنوری (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ سومنات سوابھیمان پرو کروڑوں ہندوستانیوں کی دائمی عقیدت، ریاضت اور اٹل عزم کا جیتا جاگتا عکس ہے اور اس میں شریک ہونا ان کی زندگی کا ناقابلِ فراموش اور انمول لمحہ ہے۔وہ یہاں منعقدہ “سومنات سوابھیمان پرو” کے موقع پر عوام سے خطاب کر رہے تھے۔ مودی جی نے کہا کہ آج سومنات مندر کی تعمیرِ نو کو 75 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ سومنات سوابھیمان پرو تباہی کا نہیں بلکہ ہزار سالہ سفر کا جشن ہے۔ سومنات کو مٹانے کی ایک نہیں بلکہ کئی کوششیں ہوئیں۔ اسی طرح غیر ملکی حملہ آوروں نے کئی صدیوں تک ہندوستان کو ختم کرنے کی کوششیں کیں لیکن نہ سومنات مٹا اور نہ ہی ہندوستان، کیونکہ ہندوستان اور اس کی عقیدت کے مراکز ایک دوسرے میں رچے بسے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سومنات مندر کو مٹانے کی کئی کوششیں ہوئیں۔ ملک کے آزاد ہونے کے بعد بھی سومنات پر حملے کو محض اقتصادی لوٹ کہا گیا، اگر ایسا ہوتا تو پھر پہلے حملے کے بعد یہ کوشش دوبارہ نہ ہوتی۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ جب سردار پٹیل نے تعمیرِ نو کا عزم کیا تو انہیں بھی روکنے کی کوشش کی گئی۔ یہاں تک کہ جب صدر راجندر پرساد نے یہاں آنے کا منصوبہ بنایا تو انہیں بھی روکا گیا۔مودی جی نے کہا کہ ایک ہزار سال پہلے اسی جگہ پر ہمارے بزرگوں نے اپنی جان کی بازی لگائی تھی۔ انہوں نے اپنی عقیدت، اعتقاد اور مہادیو کے لیے سب کچھ قربان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہزار سال پہلے کے حملہ آور سوچتے تھے کہ انہوں نے ہمیں شکست دے دی، لیکن آج ہزار سال بعد بھی سومنات مہادیو کے مندر پر لہراتا ہوا جھنڈا پوری کائنات کو پکار رہا ہے کہ ہندوستان کی طاقت کیا ہے، اس کا سامرتھ کیا ہے۔ مذہبی حملہ آور تاریخ کے اوراق میں سمٹ گئے لیکن سومنات مندر آج بھی سوابھیمان کے ساتھ کھڑا ہے۔وزیر اعظم نے تاریخ کی کچھ مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ حملہ آور غزنی کو لگا تھا کہ اس نے سومنات مندر کے وجود کو مٹا دیا، لیکن 12ویں صدی میں دوبارہ تعمیر ہوا۔ پھر علاؤالدین خلجی نے حملہ کیا۔ اس کے بعد 14ویں صدی میں جوناگڑھ کے راجہ نے دوبارہ تعمیر کیا۔ پھر سلطان احمد شاہ نے گستاخی کی۔ اس کے بعد سلطان محمود ویگڑا نے مندر کو مسجد بنانے کی کوشش کی۔ 17ویں اور 18ویں صدی میں اورنگزیب کا دور آیا۔ اس نے مندر کو ناپاک کرنے کی کوشش کی لیکن اہتیابائی ہولکر نے دوبارہ مندر تعمیر کیا۔مسٹر مودی جی نے کہا کہ سومنات کی تاریخ فتح اور تعمیرِ نو کی تاریخ ہے۔



