حلف لینے سے قبل راجیہ سبھا رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا
ممبئی، 31 جنوری:۔ (ایجنسی) مہاراشٹر کی سیاست میں ایک تاریخی لمحہ اس وقت رقم ہوا جب نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے رہنما اجیت پوار کی اہلیہ سنیترا اجیت پوار نے ہفتہ کے روز ریاست کی پہلی خاتون نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھا لیا۔ اس طرح مہاراشٹر، جو طویل عرصے سے ایک ترقی پسند ریاست کے طور پر جانا جاتا ہے، میں پہلی مرتبہ کسی خاتون کو اس اعلیٰ منصب تک پہنچنے کا اعزاز حاصل ہوا۔
قابل ذکر ہے کہ حلف برداری سے قبل این سی پی لیڈران نے سنیترا پوار کو اپنا لیڈر منتخب کیا تھا۔ اس کے بعد سنیترا نے راجیہ سبھا رکنیت سے استعفیٰ دے دیا، تاکہ نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کی حلف برداری کا راستہ ہموار ہو۔ انھوں نے اپنا استعفیٰ راجیہ سبھا کے چیئرمین سی پی رادھا کرشنن کو سونپا۔ سنیترا کو 2024 کے لوک سبھا انتخاب میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد انھیں راجیہ سبھا کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔
مہاراشٹر کے گورنر آچاریہ دیورَت نے سنیترا پوار کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس، نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شنڈے، این سی پی کے سرکردہ قائدین اور سنیترا پوار کے قریبی اہلِ خانہ موجود تھے۔ تقریب کے آغاز میں ’اجیت پوار امر رہے‘ کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ یہ پیش رفت ایک افسوسناک پس منظر میں سامنے آئی ہے، کیونکہ حال ہی میں ایک المناک طیارہ حادثے میں سنیترا پوار کے شوہر اجیت پوار کا انتقال ہو گیا تھا۔ اس کے باوجود، سنیترا پوار کا نائب وزیر اعلیٰ بننا نہ صرف ان کی ذاتی جدوجہد کی علامت ہے بلکہ مہاراشٹر کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل بھی ہے۔
واضح رہے کہ آج دوپہر این سی پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں ریاستی صدر سنیل تٹکرے نے تعزیت کی تجویز پیش کی اور اجیت پوار کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس کے بعد دلیپ ولسے پاٹل نے سنیترا پوار کے نام کی تجویز پیش کی۔ چھگن بھجبل نے اس تجویز کی حمایت کی۔ بعد ازاں دیگر اراکین اسمبلی نے سنیترا پوار کو قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیے جانے کی حمایت کی۔ اس کے ساتھ ہی سنیترا پوار این سی پی قانون ساز پارٹی کی لیڈر منتخب کر لی گئیں۔
قبل ازیں این سی پی نے ممبئی میں منعقدہ کور کمیٹی کے اجلاس میں سنیترا پوار کو اپنی قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کر کے ان کے نائب وزیر اعلیٰ بننے کی راہ ہموار کی۔ ان کا انتخاب متفقہ طور پر کیا گیا۔ سنیترا پوار کی تقرری کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیے بھی ایک بڑی سیاسی کامیابی سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ بی جے پی نے جولائی 2023 میں این سی پی اور ایکناتھ شنڈدے کی قیادت والی شیوسینا کے ساتھ مل کر مہایوتی اتحاد تشکیل دیا تھا۔
اس سیاسی اتحاد کے نتیجے میں اس وقت مہاراشٹر کی این سی پی-کانگریس-شیوسینا اتحاد میں بڑی دراڑ پڑی تھی۔ سیاسی مبصرین کے مطابق، سنیترا پوار کا نائب وزیر اعلیٰ بننا نہ صرف صنفی نمائندگی کے لحاظ سے اہم ہے بلکہ آنے والے دنوں میں مہاراشٹر کی سیاست کی سمت اور طاقت کے توازن پر بھی اس کے گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔



