Saturday, December 6, 2025
ہومNationalریلوے نے چھٹھ پوجا کے مسافروں کے لیے 30 اسٹیشنوں پر ہولڈنگ...

ریلوے نے چھٹھ پوجا کے مسافروں کے لیے 30 اسٹیشنوں پر ہولڈنگ ایریا قائم کیے

نئی دہلی، 26 اکتوبر (یو این آئی) چھٹھ مہاپرو کے اختتام کے بعد لوٹنے والے مسافروں کی سہولت کے لیے ریلوے نے وسیع انتظامات کیے ہیں۔ اس مقصد کے تحت بہار اور پوروانچل خطے کے 30 ریلوے اسٹیشنوں پر خصوصی ہولڈنگ ایریا بنائے گئے ہیں، جہاں مسافر اپنی ٹرین کے روانہ ہونے سے پہلے آرام سے وقت گزار سکتے ہیں۔ریلوے کی جانب سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق چھٹھ مہاپرو کے اختتام کے بعد بہار اور اس کے آس پاس کے اضلاع سے بڑی تعداد میں مسافر مختلف مقامات کے لیے روانہ ہوں گے۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ریلوے نے مسافروں کی سہولت، سلامتی اور آسان آمدورفت کو یقینی بنانے کے لیے جامع تیاریاں کی ہیں۔ مسافروں کی منظم رہنمائی، ہجوم پر قابو پانے اور ٹرینوں کی باقاعدہ آمدورفت کے لیے بہار اور اس کی قریبی ریاستوں کے اہم اسٹیشنوں پر خصوصی ہولڈنگ ایریا قائم کیے گئے ہیں۔ریلوے نے بتایا کہ جن اسٹیشنوں پر یہ ہولڈنگ ایریا بنائے گئے ہیں، ان میں بہار کے پٹنہ، داناپور، گیا، مظفرپور، سہرسا، جےنگر، برونی، حاجی پور، سیتامڑھی، دربھنگہ، سکری، مدھوبنی، باپو دھام موتیہاری، رکسول، سمستی پور، بھاگلپور، جسیڈیہ، جمالپور، کٹیہار، جوگبنی، فاربس گنج، پورنیہ، کشن گنج، بارسوی، چھپرا، سیوان اور اتر پردیش کے پنڈت دین دیال اپادھیائے جنکشن، گورکھپور، بنارس اور بلیا جیسے 30 اسٹیشن شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ملک کی دیگر ریاستوں کے اہم ریلوے اسٹیشنوں پر بھی ہولڈنگ ایریا قائم کیے گئے ہیں۔ریلوے کے مطابق ان ہولڈنگ ایریاز کا بنیادی مقصد اسٹیشن احاطے میں وقت سے پہلے پہنچنے والے مسافروں کو منظم طریقے سے ٹھہرانا اور ٹرین کے روانگی کے وقت انہیں قطار میں پلیٹ فارم تک پہنچانا ہے، تاکہ کسی قسم کی بھاگ دوڑ یا بھیڑ بھاڑ سے بچا جا سکے۔ریلوے نے کہا ہے کہ اسٹیشن کے اندر اور اس کے آس پاس بنائے گئے ان ہولڈنگ ایریاز میں مسافروں کے لیے بیٹھنے کی مناسب سہولت، پینے کا صاف پانی، پنکھے، بیت الخلا، موبائل چارجنگ پوائنٹس، معلوماتی مراکز، یو ٹی ایس اور ایم یو ٹی ایس ٹکٹنگ، ریئل ٹائم ٹرین ڈسپلے بورڈ اور طبی امدادی مراکز جیسی تمام بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔مسافروں کو وقتاً فوقتاً ضروری معلومات دی جا رہی ہیں۔
ان ہولڈنگ ایریاز میں چھٹھ کے گیت چلائے جا رہے ہیں، جبکہ کچھ مقامات پر ثقافتی پروگراموں کے ذریعے چھٹھ کی مذہبی اور سماجی اہمیت کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔ کچھ اسٹیشنوں پر این جی اوز اور ریلوے کے تعاون سے کھانا اور پانی بھی تقسیم کیا جا رہا ہے۔ریلوے نے بتایا کہ مسافروں کی حفاظت کے لیے اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، اضافی سیکیورٹی فورسز تعینات کی گئی ہیں اور ہیٹ میپنگ تکنیک کے ذریعے بھی ہجوم کی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ چھٹھ مہاپرو کے اس پُنیہ موقع پر ریلوے کے انتظامات سے مسافر اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات