Wednesday, January 21, 2026
ہومNationalوزیراعظم مودی نے ملک کی تعمیر میں شمال مشرق کے کردار کو...

وزیراعظم مودی نے ملک کی تعمیر میں شمال مشرق کے کردار کو سراہا

نئی دہلی، 21 جنوری (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز منی پور، میگھالیہ اور تریپورہ کے عوام کو یومِ تاسیس کے موقع پر پرتپاک مبارک باد پیش کی انہوں نے ان تینوں شمال مشرقی ریاستوں کی ثقافتی وراثت، قدرتی حسن اور ملک کی ترقی میں ان کے بڑھتے ہوئے کردار کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ ریاستیں آئندہ برسوں میں ترقی کی نئی منزلیں طے کریں گی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وزیراعظم نے ہر ریاست کی منفرد خوبیوں کو اجاگر کیا اور ہندوستان کی ترقی کی کہانی میں شمال مشرق کے وسیع تر کردار پر زور دیا۔پی ایم مودی نے کہا کہ ’’میں میگھالیہ ریاست کے عوام کو ان کے یوم تاسیس کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میگھالیہ کے عوام نے ملک کی ترقی میں زبردست تعاون فراہم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے ثقافتی جوش و خروش اور قدرتی خوبصورتی کو ملک بھر میں بڑے پیمانے پر سراہا جاتا ہے۔ وزیر اعظم نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ میگھالیہ مستقبل میں ترقی کی نئی بلندیوں کو عبور کرتا رہے گا۔‘‘منی پور کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ’’منی پور کے یومِ تاسیس کے موقع پر، میں ریاست کے اپنے بھائیوں اور بہنوں کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ منی پور کے لوگ ہندوستان کی ترقی کو مزید تقویت دے رہے ہیں۔ انہوں نے ریاست کی شناخت اور کامیابیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کھیل، ثقافت اور فطرت کے تئیں منی پور کا جذبہ قابلِ ذکر ہے اور خواہش ظاہر کی کہ ریاست ترقی کی راہ پر مسلسل آگے بڑھتی رہے۔‘‘تریپورہ کے لیے اپنے پیغام میں پی ایم مودی نے کہا کہ ’’ تریپورہ کا سفر روایت اور جدیدیت کے قابل ذکر امتزاج سے ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست نے متنوع شعبوں میں اہم تبدیلیاں دیکھی ہیں ریاست کے لوگوں نے ہندوستان کی ترقی کی رفتارکوتیزتر کیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے یہ کہتے ہوئے نیک خواہشات پیش کیں کہ آنے والے وقت میں تریپورہ نمایاں طور پر ترقی کرے۔ایک علیحدہ پیغام میں وزیراعظم نے مجموعی طور پر کہا کہ آج شمال مشرق کی تین ریاستیں-منی پور، میگھالیہ اور تریپورہ اپنا یوم تاسیس منا رہی ہیں۔ اس موقع پر یہاں موجود میرے تمام بھائیوں اور بہنوں کو میری نیک خواہشات۔ میں ان کی زندگی کے تمام شعبوں میں کامیابی کی خواہش کرتا ہوں۔واضح رہے کہ منی پور، میگھالیہ اور تریپورہ کو 21 جنوری 1972 کو ’نارتھ ایسٹرن ایریاز (ری آرگنائزیشن) ایکٹ، 1971‘ کے تحت ریاست کا درجہ ملا تھا۔ یہ ایک بڑے انتظامی رد و بدل کا حصہ تھا جس کا مقصد اس خطے کو زیادہ سیاسی خودمختاری دینا تھا۔ گزشتہ دہائیوں میں، ان تینوں ریاستوں نے اپنی مقامی ثقافتوں، زبانوں اور تاریخوں کے ذریعے منفرد شناخت قائم کی ہیں اور قومی معاملات میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔وزیر اعظم کے یہ پیغامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب مرکز شمال مشرق کی ترقی پر مسلسل توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، جسے حکومت اکثر ’اشٹ لکشمی‘ یعنی خوش حالی کی آٹھ علامتوں سے تعبیر کرتی ہے۔ حالیہ برسوں میں اس خطے میں بنیادی ڈھانچے، کنیکٹیوٹی، سیاحت، کھیل اور ثقافتی فروغ پر خصوصی زور دیا گیا ہے، تاکہ اسے قومی اور علاقائی معیشت کے ساتھ زیادہ مضبوطی سے مربوط کیا جا سکے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات