Saturday, December 6, 2025
ہومNationalسرمائی اجلاس سے پہلے آل پارٹی میٹنگ میں سیاسی گرما گرمی

سرمائی اجلاس سے پہلے آل پارٹی میٹنگ میں سیاسی گرما گرمی

اپوزیشن کی قومی سلامتی، ایس آئی آر اور وفاقی معاملات پر حکومت کو گھیرنے کی تیاری

نئی دہلی، 30 نومبر (یو این آئی)پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے آغاز سے پہلے، حکومت نے اتوار کے روز آل پارٹی میٹنگ بلائی، جس میں اپوزیشن کی جماعتوں نے ایس آئی آر، قومی سلامتی، سماجی تحفظ، اور آلودگی سے تحفظ سمیت متعدد مسائل اٹھائے اور مطالبہ کیا کہ ان مسائل پر پارلیمنٹ میں بحث کی جائے۔کل جماعتی میٹنگ کے بعد، لوک سبھا میں کانگریس کے وہپ، گورو گوگوئی نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پارلیمنٹ کا صرف 19 روزہ سیشن ہونے جارہا ہے، جس میں صرف 15 نشستیں بحث کے لیے وقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی نے دہلی کار دھماکہ کے تناظر میں شہریوں کی حفاظت کا مسئلہ اٹھایا اور اس پر بات کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے دہلی میں فضائی آلودگی کے بحران، جمہوریت کی حفاظت کا مسئلہ بھی پرزور طور پر اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایس آئی آر (ووٹر لسٹ کی جامع نظرثانی) سنجیدہ معاملہ ہے اور اس پر بحث ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا طرز عمل پارلیمنٹ کے کام کاج کی حوصلہ افزائی نہیں کر رہا ہے۔ اتنا مختصر سیشن بلا کر حکومت خود یہ پیغام دے رہی ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے کام کاج کے تئيں سنجیدہ نہیں ہے۔ڈی ایم کے کے تروچی سیوا نے کہا کہ ایس آئی آر اور قومی سلامتی اس وقت اہم مسائل ہیں۔ منریگا کو مسلسل کمزور کیا جا رہا ہے، اور حکومت ہر معاملے میں من مانی کر رہی ہے۔ پارلیمنٹ کا مختصر ترین سرمائی اجلاس بلایا جا رہا ہے۔ در حقیقت یہ ہے کہ یہ 15 دن کا سیشن ہے اور اس میں 14 بل پاس ہونے ہیں۔ تمل ناڈو حکومت ان کے کسی بھی مطالبے پر توجہ نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام مسائل کو انہوں نے آل پارٹی میٹنگ میں اٹھایا۔کانگریس لیڈر پرمود تیواری نے کہا کہ آل پارٹی میٹنگ میں ایس آئی آر کلیدی مسئلہ تھا، اور تمام پارٹیوں کے لیڈروں نے کہا کہ ووٹ کا حق نہیں چھیننا چاہئے اور اس پر پارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہئے۔واضح رہے کہ حکومت نے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس سے قبل اتوار کے روز آل پارٹی میٹنگ بلائی تھی، جس میں اپوزیشن نے مطالبہ کیا کہ ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظر ثانی، دہلی کام دھماکہ اور خارجہ پالیسی جیسے مسائل کو پارلیمنٹ میں زیر غور لایا جائے۔

حکومت نے کہا ہے کہ اتوار کے روز بلائی گئی کل جماعتی میٹنگ خوشگوار ماحول میں ہوئی اور امید ہے کہ سرمائی اجلاس کو مؤثر طریقے سے چلانے میں تمام جماعتیں حکومت کا تعاون کریں گی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی اس اجلاس کی صدارت کی پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے اجلاس کے بعد پارلیمنٹ احاطے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’تمام جماعتوں کے لیڈروں کے ساتھ ہوئی میٹنگ بہت اچھی، انتہائی مفید اور خوشگوار رہی‘‘۔’’اپوزیشن کے تمام رہنماؤں نے خوش اسلوبی سے اپنی بات رکھی اور میں اس کے لیے تمام جماعتوں کے ایوان لیڈروں کا شکر گزار ہوں۔ سبھی نے جوش و خروش سے حصہ لیا اور اپنی پارٹی کے خیالات پیش کیے‘‘۔انہوں نے کہا کہ ’’میٹنگ میں راجیہ سبھا کے ایوان کے لیڈر جے پی نڈا، کابینی رفقاء اور میں نے تمام تجاویز نوٹ کر لی ہیں اور دونوں ایوانوں کو منظم طریقے سے چلانے کے لیے ان تجاویز اور سفارشات پر غور کیا جائے گا‘‘۔ ’’ان نکات کو دونوں ایوانوں کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی میٹنگ میں بھی پیش کیا جائے گا‘‘۔انہوں نے ’وندے ماترم‘ کے حوالے سے کہا کہ یہ اہم ہے کہ ڈیڑھ سو سال پہلے لکھا گیا یہ گیت ایک نعرے کے طور پر ہمارے آزادی کے مجاہدین نے استعمال کیا اور انگریزوں کے خلاف لڑائی لڑی۔مجاہد آزادی اور عظیم ادیب بنکم چندر چٹرجی کے ’وندے ماترم‘ گیت کو لکھے 150 سال مکمل ہو چکے ہیں اور اس موقع پر ملک بھر میں تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ یہ کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے۔ پورا ملک اس گیت پر یقین رکھتا ہے اور اس کا احترام کرتا ہے، اس لئے یہ سیاسی ایجنڈا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس پر پارلیمنٹ میں بحث کرنی پڑے تو یہ بات تمام سیاسی جماعتوں کے سامنے رکھی جائے گی۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات