Sunday, December 7, 2025
ہومNationalپہلگام دہشت گردانہ حملہ: 27 سے زیادہ لوگوں کی موت کا اندیشہ

پہلگام دہشت گردانہ حملہ: 27 سے زیادہ لوگوں کی موت کا اندیشہ

صدر دروپدی مرمو اور پی ایم مودی کا سخت رد عمل

سری نگر، 22 اپریل:۔ (ایجنسی) جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملہ نے ایک بار پھر اس جنت نشان کو خون آلود کر دیا ہے۔ ذرائع کے حوالے سے جو خبریں میڈیا میں آ رہی ہیں، اس کے مطابق اس دہشت گردانہ حملے میں 27 سے زیادہ لوگوں کی موت کا اندیشہ ہے۔ کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں سے کچھ کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ 2 سے 3 دہشت گردوں نے سیاحوں پر 40 راؤنڈ سے زیادہ فائرنگ کی ہے۔ پہلگام میں سیاحوں پر ہوئے حملہ کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے سعودی عرب سے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو فون کر اس معاملے میں فوری کارروائی کی ہدایت دی۔ واقعہ کے بعد امت شاہ کی رہائش پر اعلیٰ سطحی میٹنگ بھی ہوئی، جس کے بعد وہ پہلگام کے لیے روانہ ہو گئے۔ ساتھ ہی این آئی اے کو اس معاملے کی جانچ کے لیے بھی کہا گیا ہے اور ایسی خبریں ہیں کہ این آئی اے ٹیم کل پہلگام جا سکتی ہے۔ اس درمیان اننت ناگ میں سیاحوں کی مدد یا جانکاری کے لیے ایک ایمرجنسی ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔ پولیس سے رابطہ کرنے کے لیے 9596777669، 01932225870 (9419051940 واٹس ایپ) ہیلپ لائن نمبر جاری کیا گیا ہے۔ پہلگام حملہ کے بعد صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے قائد ملکارجن کھڑگے، جموں و کشمیر کے گورنر منوج سنہا، لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی سمیت برسراقتدار و حزب اختلاف کے کئی سیاسی لیڈران کا سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔ سبھی نے اس دہشت گردانہ حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ یہاں پیش ہیں اہم سیاسی ہستیوں کے بیانات۔

صدر دروپدی مرمو:
جموں و کشمیر کے پہلگام میں سیاحوں پر ہوا دہشت گردانہ حملہ حیران کرنے والا اور دردناک ہے۔ یہ ایک بہیمانہ اور غیر انسانی عمل ہے جس کی واضح طور سے مذمت کی جانی چاہیے۔ بے قصور شہریوں، سیاحوں پر حملہ کرنا بے حد خوفناک اور ناقابل معافی ہے۔ جو کنبے اپنے رشتہ داروں سے محروم ہوئے ہیں، ان کے تئیں میری دلی ہمدردی ہے اور زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کرتی ہوں۔
وزیر اعظم نریندر مودی:
حملہ کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ متاثرہ لوگوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ اس شرمناک عمل کے پیچھے جو لوگ ہیں، انھیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انھیں بخشا نہیں جائے گا۔ ان کا ناپاک ایجنڈا کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ دہشت گردی سے لڑنے کا ہمارا عزم مصمم ہے اور یہ مزید مضبوط ہوگا۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات