Saturday, December 6, 2025
ہومNationalآسام میں سیلاب کی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں، ریاست میں بارش...

آسام میں سیلاب کی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں، ریاست میں بارش جاری

گوہاٹی، یکم جون (یو این آئی) : آسام میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے سے سیلاب کی صورتحال مزید ابتر ہوتی جارہی ہے۔سنٹرل واٹر کمیشن (سی ڈبلیو سی) کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ ریاست میں مختلف مقامات پر دریائے برہم پترا اور اس کی کچھ معاون ندیوں کے پانی کی سطح میں اضافہ ہورہا ہے۔برہم پترا ندی کے پانی کی سطح کچھ علاقوں میں خطرے کی سطح سے اوپر بہنے کی وجہ سے حکومت نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے نیماٹی گھاٹ اور ماجولی جزیرے کے درمیان فیری سروس معطل کر دی ہے۔ اتوار کی صبح سی ڈبلیو سی کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برہم پترا، برہیدیہنگ، بارک اور کچھ دیگر ندیاں خطرے کی سطح سے اوپر بہہ رہی ہیں اور کئی مقامات پر پانی کی سطح بڑھنے کی اطلاعات ہیں۔آسام کے کل 12 اضلاع میں تقریباً 60,000 لوگ اس سال کے سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ریکارڈ کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں میں سیلاب کی وجہ سے تین لوگوں کی موت ہوئی ہے، جبکہ ریاستی دارالحکومت گوہاٹی کے مختلف حصوں میں مٹی کے تودے گرنے سے پانچ افراد کی موت ہوئی ہے۔آسام کے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے وزیر جیانت ملابروا نے کہا کہ گوہاٹی کے کچھ حصے زیر آب آگئے ہیں۔مسٹر ملابروا نے کہا ’’ہم بھرالو ندی سے برہم پترا ندی میں پانی نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جیسے ہی ہم بھرالو ندی کا پانی برہم پترا میں نکالیں گے، شہر کا پانی کم ہو جائے گا۔ ہم پوری کوشش کر رہے ہیں۔ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں پھنسے ہوئے لوگوں کی مدد کے لیے راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہیں۔
Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات