نئی دہلی۔ 6؍ مارچ۔ ایم این این۔خواتین کو بااختیار بنانے اور ٹول آپریشنز میں شمولیت کو فروغ دینے کے لیے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی آ ف انڈیا( این ایچ اے آئی) نے ملک میں نیشنل ہائی ویز اور ایکسپریس وے نیٹ ورکس پر 1,140 سے زیادہ ٹول پلازوں پر ٹول بوتھس کا انتظام کرنے کے لیے دن کی شفٹوں کے دوران 5,100 سے زیادہ خواتین عملے کو تعینات کیا ہے۔ خواتین عملے کو فرنٹ لائن آپریشنل کرداروں میں خصوصی طور پر تعینات کرنے کا مقصد نیشنل ہائی وے کے مسافروں کے لیے ایک موثر، ہمدرد، اور صارف دوست ماحول کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ نیشنل ہائی وے فیس پلازوں پر ٹول بوتھس پر تنازعات کے امکانات کو کم کر کے نیشنل ہائی وے کے صارف کے تجربے کو نمایاں طور پر بہتر بنانا ہے۔یہ فیصلہ فیس پلازہ آپریٹرز اور اہم صنعتی انجمنوں جیسے نیشنل ہائی ویز بلڈر فیڈریشن ، ہائی وے آپریٹرز ایسوسی ایشن آف انڈیا ، اور آل انڈیا یوزر فیس کنٹریکٹرز فیڈریشن سمیت مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ غور و خوض اور بات چیت کے بعد لیا گیا۔ تمام ٹول آپریٹرز نے متفقہ طور پر ٹول پلازوں پر یوزر فیس کی وصولی کے لیے دن کی شفٹوں کے دوران خواتین عملہ تعینات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ 5,100 سے زیادہ خواتین ٹول عملہ پہلے ہی تعینات کیا جا چکا ہے، اور مستقبل قریب میں مزید افراد کی شمولیت کی توقع ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھاٹی تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے اس اقدام کے نفاذ کی قریب سے نگرانی کرے گا۔ اس اقدام سے خواتین کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی، خاص طور پر دیہی اور نیم شہری علاقوں میں، قومی شاہراہ کے بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں ان کی شرکت کو مضبوط بنانے اور ان دور دراز علاقوں میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔اس اقدام کے ایک حصے کے طور پر، نیشنل ہائی وے اتھارٹی تعینات خواتین عملے، خاص طور پر دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے خصوصی تربیت کی سہولت بھی فراہم کرے گا۔ ٹریننگ قومی شاہراہ استعمال کرنے والوں کے ساتھ شائستہ برتاؤ، ہنگامی حالات سے نمٹنے، بنیادی حفاظتی پروٹوکول، اور ٹول پلازہ کے موثر آپریشنز کو برقرار رکھنے جیسے شعبوں پر توجہ مرکوز کرے گی۔ یہ ساختی صلاحیت سازی کی کوشش ایک محفوظ اور پیشہ ورانہ کام کے ماحول کو یقینی بناتے ہوئے خدمت کے معیار کو بڑھانے میں مدد کرے گی۔فرنٹ لائن آپریشنل کرداروں میں خواتین کی زیادہ شمولیت کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی أف انڈیا کا مقصد ملک بھر میں نیشنل ہائی وے ٹول پلازوں پر خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ صنفی شمولیت اور سماجی بااختیاریت کو فروغ دینا ہے۔



