Thursday, January 1, 2026
ہومNationalنیا سال، نئے قواعد: آج سے قوانین میں بڑی تبدیلیاں نافذ

نیا سال، نئے قواعد: آج سے قوانین میں بڑی تبدیلیاں نافذ

پین-آدھار لنکنگ، پے کمیشن ،ایل پی جی قیمتیں، ٹیکس نظام اور گاڑیوں کی قیمتیں متاثر ہوں گی

نئی دہلی، 31 دسمبر:۔ (ایجنسی)آج 2025 کا آخری دن ہے اور کل یکم جنوری 2026 سے ملک بھر میں کئی اہم تبدیلیاں نافذ ہونے جا رہی ہیں، جن کا اثر عام شہریوں کی روزمرہ زندگی اور گھریلو بجٹ پر پڑے گا۔ ان تبدیلیوں سے جہاں کچن کے اخراجات متاثر ہو سکتے ہیں، وہیں گاڑی خریدنا بھی مہنگا ہو جائے گا۔ مرکزی حکومت کے ملازمین، پنشنرز اور پین کارڈ ہولڈرز سمیت مختلف طبقات کے لیے نئے ضوابط لاگو کیے جا رہے ہیں۔

پین-آدھار لنکنگ کی آخری تاریخ
آدھار اور پین کارڈ کو آپس میں جوڑنے کی آج آخری تاریخ ہے۔ 31 دسمبر تک اگر پین کو آدھار سے لنک نہیں کیا گیا تو یکم جنوری 2026 سے پین کارڈ غیر فعال ہو سکتا ہے۔ یہ ضابطہ ان پین ہولڈرز پر لاگو ہوگا جن کا پین کارڈ یکم اکتوبر 2024 سے پہلے آدھار نمبر کی بنیاد پر جاری کیا گیا تھا۔
پین غیر فعال ہونے کے نتائج
پین کارڈ کے غیر فعال ہونے کی صورت میں صارفین کو متعدد مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ آئی ٹی آر ریفنڈ، بینکنگ سہولتوں اور مختلف سرکاری اسکیموں کے فوائد حاصل کرنا ممکن نہیں رہے گا، جس سے عام ٹیکس دہندگان کو براہِ راست نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ایل پی جی، یو پی آئی اور سم قوانین
آئل مارکیٹنگ کمپنیاں ہر مہینے کی پہلی تاریخ کو ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں پر نظر ثانی کرتی ہیں، اور امکان ہے کہ یکم جنوری 2026 کو نئی قیمتیں جاری کی جائیں۔ اس کے ساتھ ہی بینکنگ، یو پی آئی اور ڈیجیٹل ادائیگی سے متعلق قوانین کو مزید سخت کیا جا رہا ہے۔ فراڈ کے واقعات پر قابو پانے کے لیے سم کارڈ کی تصدیق کے ضوابط میں بھی سختی کی جائے گی۔
نیا انکم ٹیکس ایکٹ
نیا انکم ٹیکس ایکٹ 2025 یکم جنوری 2026 سے مکمل طور پر نافذ نہیں ہوگا، تاہم حکومت جنوری کے دوران نئے آئی ٹی آر فارم اور قواعد کو مطلع کرے گی۔ یہ قواعد یکم اپریل 2026 سے نافذ ہوں گے اور موجودہ انکم ٹیکس ایکٹ 1961 کی جگہ لیں گے۔ نئے قانون کے تحت ٹیکس سال کی تعریف اور طریقۂ کار میں تبدیلی کے ساتھ آئی ٹی آر نظام کو آسان بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
آٹھواں پے کمیشن
مرکزی سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے لیے آج ساتویں پے کمیشن کا آخری دن ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حکومت یکم جنوری 2026 سے آٹھویں پے کمیشن کو کاغذی طور پر نافذ کر سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگرچہ تنخواہوں اور پنشن کو اسی تاریخ سے منسلک کیا جائے گا، تاہم عملی مالی فوائد حاصل کرنے کے لیے ملازمین کو مزید انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔
گاڑیاں خریدنا ہوگا مہنگا
نئے سال میں گاڑی خریدنے کا ارادہ رکھنے والوں کو اضافی خرچ کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ ملک کی کئی بڑی آٹوموبائل کمپنیاں یکم جنوری 2026 سے گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کرنے جا رہی ہیں۔ اندازہ ہے کہ یہ اضافہ 3 ہزار روپے سے لے کر 3 فیصد تک ہو سکتا ہے۔
کسانوں کیلئے نئے ضوابط
نئے سال سے اتر پردیش جیسی ریاستوں میں کسانوں کو پی ایم کسان یوجنا کا فائدہ حاصل کرنے کے لیے یونیک کسان آئی ڈی لازمی ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی پی ایم فصل بیمہ اسکیم کے تحت قواعد میں ترمیم کی گئی ہے، جس کے مطابق اگر جنگلی جانوروں سے فصل کو پہنچنے والے نقصان کی اطلاع 72 گھنٹوں کے اندر دی جاتی ہے تو اسے بھی بیمہ کوریج میں شامل کیا جائے گا۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات