نئی دہلی، 31 اگست (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے شدید بارشوں کی وجہ سے قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے راحت اور بچاؤ کاموں میں تیزی لانے کی اپیل کی ہے۔آل انڈیا ریڈیو پر نشر ہونے والے اپنے ماہانہ پروگرام ‘من کی بات، کے 125ویں ایپی سوڈ میں ہم وطنوں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ مانسون کے اس موسم میں قدرتی آفات ملک کو گھیرے ہوئے ہیں۔ لینڈ سلائیڈنگ، بادل پھٹنے، سیلاب جیسے واقعات نے ملک کے کئی حصوں میں تباہی مچا دی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں میں ہم نے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی بڑی تباہی دیکھی ہے، کہیں مکانات تباہ ہوئے، کہیں کھیت زیر آب آگئے، خاندان اجڑ گئے، کہیں پل پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گئے، سڑکیں بہہ گئیں، لوگوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں۔ ان واقعات نے ہر ایک ہندوستانی کو اپنے پیاروں کے دکھ درد میں مبتلا کردیا ہے۔ ہم میں سے جہاں بھی بحران آیا، وہاں کے لوگوں کو بچانے کے لیے این این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کے جوانوں نے دن رات کام کیا۔”وزیراعظم نے کہا کہ بہت سے جدید وسائل جیسے تھرمل کیمروں، لائیو ڈیٹیکٹرز، سنیفر ڈاگ اور ڈرون سرویلنس کی مدد سے امدادی کاموں کو تیز کرنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی۔ اس دوران امدادی سامان ہیلی کاپٹروں کے ذریعے پہنچایا گیا، زخمیوں کو ہوائی جہاز کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا۔ مصیبت کی اس گھڑی میں فوج مددگار بن کر آگے آئی ہے۔ مقامی لوگ، سماجی کارکن، ڈاکٹر، انتظامیہ، سبھی نے مشکل کی اس گھڑی میں ہر ممکن کوشش کی ہے۔



