Saturday, December 6, 2025
ہومNationalمرمو، مودی اور بِرلانے امبیڈکر کے مہاپری نروان دیوس پر خراجِ عقیدت...

مرمو، مودی اور بِرلانے امبیڈکر کے مہاپری نروان دیوس پر خراجِ عقیدت پیش کیا

نئی دہلی، 6 دسمبر (یو این آئی) صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر و راجیہ سبھا کے چیئرمین سی پی رادھا کشنن، وزیرِ اعظم نریندر مودی اور لوک سبھا کے اسپیکر اوم بِرلا نے ہفتہ کو بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے 70 ویں مہاپری نروان دیوس کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں واقع ’’پریرنا استھل‘‘ میں نصب اُن کے مجسمے پر گلہائے عقیدت نذر کرکے خراجِ عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ “مہاپری نروان دیوس پر ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کو یاد کرتا ہوں۔ انصاف، برابری اور آئینی اصولوں کے تئیں اُن کی دوراندیش قیادت اور ان کی اٹل وابستگی ہمارے قومی سفر کو مسلسل سمت دیتی رہتی ہے۔”ہندوستان کی ترقی میں امبیڈکر کے مستقل تعاون پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ “ڈاکٹر امبیڈکر نے نسلوں کو انسانی وقار برقرار رکھنے اور جمہوری قدروں کو مضبوط کرنے کے لئے ہمیشہ تحریک دی۔ وکست بھارت کی تعمیر کی جانب بڑھتے ہوئے اُن کے اصول اسی طرح ہمارے راستے کو روشن کرتے رہیں۔”لوک سبھا کے اسپیکر اوم بِرلا نے اپنے پیغام میں کہا کہ “بھارت کے عظیم آئین کے معمار، سماجی انصاف کے محافظ، بھارت رتن بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر جی کے مہاپری نروان دیوس پر انہیں دلی خراجِ عقیدت۔”انہوں نے کہا کہ مساوات، انصاف، تعلیم اور شمولیاتی ترقی پر مبنی معاشرے کا اُن کا نظریہ آج بھی ہندوستانی ترقی کے لئے مشعلِ راہ ہے۔ ان بنیادی اقدار کو بابا صاحب نے دستور ہند میں بھی شامل کیا۔ فلاحی ریاست کے تصور کے ساتھ کروڑوں شہریوں کے لئے انصاف، مساوات، آزادی اور حقوق کی راہ ہموار کی۔مسٹر بِرلا نے کہا کہ ملک کی تعمیر اور آئین کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرنے والے امبیڈکر جی نے ہندوستانی سماج کو مضبوط بنانے کی سمت میں بھی عظیم کوششیں کیں۔ انہوں نے محروم طبقات، مزدوروں، خواتین اور نوجوانوں کو جو پیغامات دیے، وہ ایک ترقی پسند ملک کی تعمیر کے لیے ناگزیر دستاویز کی حیثیت رکھتے ہیں۔ آج کے دور میں بھی بابا صاحب کی تحریریں اور تقاریر انقلابی فکر اور اخلاقیات کے اصول پیش کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے جس بھی حصے میں نا برابری، امتیاز یا چھوا چھوت موجود ہے، وہاں کے پورے معاشرے کو ظلم، استحصال اور ناانصافی سے نجات دلانے کے لیے امبیڈکر جی کا نظریہ اور اُن کی زندگی کی جدوجہد ایک روشن راستہ دکھاتی ہے۔لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ بابا صاحب امبیڈکر کا ماننا تھا کہ لوگوں کا معیارِ زندگی بلند کرنے کے لیے تعلیم سب سے اہم آلہ کار ہے۔ ان کا نعرہ بھی ’’تعلیم حاصل کرو، منظم رہو، جدوجہد کرو‘‘تھا۔ تعلیم کے میدان میں انہوں نے صرف اصول قائم نہیں کیے بلکہ اپنی تعلیمی اداروں میں ان اصولوں کو عملی طور پر نافذ بھی کیا۔اس موقع پر مرکزی وزراء، راجیہ سبھا میں حزبِ اختلاف کے لیڈر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں حزبِ اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی، ارکانِ پارلیمان، سابق اراکینِ پارلیمنٹ اور دیگر معزز شخصیات نے بھی باباصاحب ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمے پر گلہائے عقیدت نذر کرکے خراجِ عقیدت پیش کیا۔لوک سبھا کے جنرل سکریٹری اُتپل کمار سنگھ اور راجیہ سبھا کے جنرل سکریٹری پی سی مودی نے بھی ’’پریرنا استھل‘‘ پر ڈاکٹر امبیڈکر کو گلہائے عقیدت پیش کیے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات