Friday, January 9, 2026
ہومNationalپرتیک جین کے گھر ای ڈی کے چھاپے کے دوران پہنچیں ممتا

پرتیک جین کے گھر ای ڈی کے چھاپے کے دوران پہنچیں ممتا

میری پارٹی کے دستاویز ضبط کیے جا رہے تھے: ممتا بنرجی کا سنگین الزام

کولکاتا، 8 جنوری (یو این آئی) مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی ایک حیران کن پیش رفت کے تحت جمعرات کی دوپہر آئی-پیک کے بانی پرتیک جین کے لاؤڈن اسٹریٹ واقع گھر پر اس وقت پہنچ گئیں، جب وہاں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی تفتیش جاری تھی۔آئی-پیک وہ ادارہ ہے جو آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل ترنمول کانگریس کی سیاسی حکمتِ عملی طے کرنے میں اہم رول ادا کر رہا ہے۔تلاشی کی کارروائی صبح سے جاری تھی، تاہم دوپہر تقریباً 12 بجے صورتحال اس وقت بدلنے لگی جب کولکاتا کے پولیس کمشنر منوج ورما موقع پر پہنچے۔ ان کے پہنچنے کے چند ہی منٹ بعد وزیر اعلیٰ بھی وہاں آگئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق، محترمہ بنرجی پرتیک جین کے گھر میں داخل ہوئیں اور چند منٹ بعد ہاتھ میں ایک ہرے رنگ فائل کے ساتھ باہر نکلیں۔وزیر اعلیٰ نے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ان کی پارٹی کے دستاویز ضبط کیے جا رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ’’وہ میری پارٹی کے تمام دستاویز ضبط کر رہے تھے۔ میں انہیں واپس لے آئی ہوں۔ یہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کا کام ہے۔ وہ ملک نہیں سنبھال پا رہے ہیں، اس لیے میری پارٹی کے کاغذات ضبط کروا رہے ہیں۔‘‘محترمہ بنرجی نے بتایا کہ پرتیک جین ان کی پارٹی کے کام کے انچارج تھے اور تلاشی کے دوران ہارڈ ڈسک اور موبائل فون ضبط کیے جا رہے تھے۔حزبِ اختلاف کے لیڈر سوویندو ادھیکاری نے وزیر اعلیٰ کے وہاں پہنچنے کے قدم کو ’غیر اخلاقی‘ قرار دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعلیٰ اس سے پہلے بھی آئینی ایجنسیوں کے کام میں مداخلت کر چکی ہیں۔مسٹر ادھیکاری نے یاد دلایا کہ 2021 میں ممتا بنرجی نے فِرہاد حکیم، سبرَت مکھرجی اور مدن مترا کی گرفتاری کے خلاف مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کے نظام پیلس دفتر پر دھرنا دیا تھا۔ اسی طرح کا احتجاج اس وقت بھی کیا گیا تھا جب سی بی آئی نے اس وقت کے پولیس کمشنر راجیو کمار کے مکان پر چھاپہ مارا تھا۔ انہوں نے یہ سوال بھی کیا کہ ترنمول کانگریس کے دستاویز آئی-پیک کے پاس کیوں رکھے جائیں گے۔لاؤڈن اسٹریٹ سے نکلنے کے بعد محترمہ بنرجی سالٹ لیک کے سیکٹر 5 میں واقع آئی-پیک کے دفتر کے لیے روانہ ہو گئیں۔ تاہم وزیر اعلیٰ کے وہاں پہنچنے سے پہلے ہی بدھان نگر کی میئر کرشنا چکرورتی آئی-پیک کے دفتر پہنچ چکی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ وہاں ’اُنّینر پانچالی‘ مہم کے سلسلے میں گئی تھیں۔محترمہ چکرورتی نے کہا کہ یہ چھاپے ریاستی حکومت کو ہراساں کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں اور اسی کے پیش نظر دفتر کے باہر پولیس سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ریاستی وزیر سجیت بوس اور بدھان نگر کے پولیس کمشنر بھی موقع پر پہنچ گئے، جبکہ ترنمول کانگریس کے کارکن دفتر کے باہر نعرے بازی کرتے رہے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات