نئی دہلی، 30 جنوری (ہ س)۔ بابائے قوم مہاتما گاندھی کی 78 ویں برسی پر صدرجمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر سی پی رادھا کرشنن، وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا، اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کی یادگار پر ایک بین المذاہب دعا ئیہ تقریب میں شرکت کی۔صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے مہاتما گاندھی کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے راج گھاٹ کا دورہ کیا اور بین المذاہب دعا ئیہ تقریب میں شرکت کی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لازوال نظریات کو ملک کے سفر کی رہنمائی قرار دیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ اپنے اصولوں اور انصاف، ہم آہنگی اور انسانیت کی خدمت پر مبنی ہندوستان کی تعمیر کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کو ان کی یوم وفات پر ان کی آرام گاہ راج گھاٹ پر خراج عقیدت پیش کیا اور یہاں منعقدہ سرو دھرم دعائیہ اجلاس میں شرکت کرکے ان کی سچی زندگی، بے مثال قربانی، اخلاقی جرات اور عدم تشدد کے اعلیٰ نظریات کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ باپو کی پوری زندگی انسانیت، ہمدردی اور تزکیہ نفس کا ایک روشن مینار ہے جس کی روشنی آنے والے زمانے تک قومی کردار، سماجی حساسیت اور اجتماعی ضمیر کو منور کرتی رہے گی۔اس کے ساتھ ہی چیف آف آرمی اسٹاف اوپیندر دویدی، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان، ایئر چیف مارشل امر پریت سنگھ، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش کمار ترپاٹھی نے بھی مہاتما گاندھی کی 78 ویں برسی پر راج گھاٹ پر پھول چڑھائے۔



