ہومNationalتمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ بنے جوزف وجے

تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ بنے جوزف وجے

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

9 وزراء نے بھی حلف اُٹھایا

بنگلور، 10 مئی :۔ (ایجنسی) تملگا ویٹری کزگم (ٹی وی کے) کے صدر جوزف وجے نے اتوار (10 مئی) کو تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ اسی کے ساتھ ریاست میں تقریباً 6 دہائیوں سے جاری 2 بڑی دراوڑی جماعتوں، ڈی ایم کے اور ’اے آئی اے ڈی ایم کے‘ کے باری باری اقتدار میں آنے کا سلسلہ ختم ہو گیا۔ تمل ناڈو کے گورنر راجندر وشواناتھ آرلیکر نے وجے کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ واضح رہے کہ ہفتہ کے روز 234 ارکان والی اسمبلی میں 120 منتخب اراکین اسمبلی کی حمایت حاصل ہونے کے بعد وجے کو حکومت سازی کی دعوت دی گئی تھی۔ وجے نے صبح 10 بجے کے بعد چنئی کے نہرو اسٹیڈیم میں حلف اٹھایا۔ ان کے ساتھ ٹی وی کے کے کچھ سینئر رہنماؤں سمیت 9 دیگر اراکین اسمبلی نے بھی بحیثیت وزیر حلف لیا۔ وجے کانگریس کے تعاون سے اتحادی حکومت کی قیادت کریں گے۔ گورنر نے وجے کو 13 مئی یا اس سے پہلے اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔ جن نو لیڈران نے وزیر کے طور پر حلف لیا وہ ہیں بسی این آنند، آدھو ارجن، کے جی ارون راج، کے اے سینگوٹّیان، پی وینکٹ رمن، سی ٹی آر نرمل کمار، اے راجموہن، ٹی کے پربھو اور ایس کیرتھنا۔ حلف برداری کی اس تقریب میں ملک کے کئی بڑے رہنما بھی شریک ہوئے ہیں۔ کانگریس لیڈر اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی، تلنگانہ کی سابق گورنر اور بی جے پی لیڈر تمل سائی سوندرراجن، بی جے پی رہنما کے اناملائی اور تمل ناڈو بی جے پی کے صدر نینار ناگیندرن بھی پروگرام میں پہنچے ہیں۔ اس کے علاوہ فلم اور سیاست کی دنیا کی کئی نامور شخصیات بھی اس تقریب کا حصہ بنی ہیں۔ وجے کے والدین بھی اس خاص موقع پر موجود ہیں۔ وہیں اداکارہ ترشا کرشنن کی موجودگی نے بھی لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔ وجے کے فلمی کیریئر اور سیاست، دونوں میں ان کی مقبولیت کا اثر تقریب میں صاف دکھائی دیا۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.