ہومNationalآبنائے ہرمز کا کھلنا عالمی توانائی کی سلامتی کے لیے ایک مثبت...

آبنائے ہرمز کا کھلنا عالمی توانائی کی سلامتی کے لیے ایک مثبت قدم ہے

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

جہاز رانی کی آزادی بھی بحال ہوگی: ڈوول

نئی دہلی، 23 جون (یواین آئی) قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول نے آبنائے ہرمز کے دوبارہ کھلنے کو عالمی توانائی کی ترسیل اور سمندری استحکام کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے منگل کو کہا کہ اس سے توانائی کی سلامتی مضبوط ہوگی اور تمام ممالک کے لیے جہاز رانی کی آزادی بحال ہوگی۔مسٹر ڈوول نے آج یہاں برکس کے 16ویں اجلاس میں رکن ممالک کے قومی سلامتی کے مشیروں کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہاکہ ’’آبنائے ہرمز کا کھلنا انتہائی خوش آئند قدم ہے کیونکہ اس سے توانائی کی سلامتی کو تقویت ملے گی۔ اس اہم بحری راستے پر جہاز رانی کی آزادی کا فائدہ اس خطے اور اس سے باہر کے ممالک کو بھی حاصل ہوگا۔‘‘برکس کا یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد عالمی توانائی کی سپلائی پر منفی اثرات مرتب ہوئے، جس کے باعث آبنائے ہرمز کو عارضی طور پر بند کرنا پڑا تھا اور توانائی کی ترسیل متاثر ہوئی تھی۔ مسٹر ڈوول نے کہا کہ بین الاقوامی نظام اس وقت جغرافیائی سیاسی تنازعات، معاشی دباؤ اور تیزی سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی کے درمیان بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کا سامنا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت موجودہ عالمی حکمرانی کے ڈھانچوں پر غیر معمولی دباؤ ڈال رہی ہے۔انہوں نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہاکہ ’’ہم ایک نہایت ہنگامہ خیز دور میں مل رہے ہیں۔ دنیا فوجی تنازعات اور پیچیدہ سلامتی کے مسائل سے دوچار ہے۔ اسے جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال، معاشی دباؤ اور انقلابی ٹیکنالوجی کے چیلنجز کا سامنا ہے۔‘‘قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ عالمی خطرات کا بڑھتا ہوا دائرہ اور ان کا باہمی تعلق روایتی سفارتی اور ادارہ جاتی نظام کی حدود کو نمایاں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’نہ صرف خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ ان تنازعات کو حل کرنے یا کم کرنے کے لیے موجود آلات اور ادارہ جاتی نظام بھی ناکافی ثابت ہو رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کثیرجہتی نظام کمزور پڑتا جا رہا ہے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.