ہومNationalملک میں ہر گھنٹے ایک کسان خودکشی کر نے کو مجبور

ملک میں ہر گھنٹے ایک کسان خودکشی کر نے کو مجبور

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

56 فیصد زرعی مزدور بھی اس ا عداد و شمار میں شامل؛ این سی آر بی کی رپورٹ میں ہوا انکشاف

نئی دہلی، 10 مئی :۔ (ایجنسی) ہندوستان میں کسانوں اور زرعی مزدوروں کے درمیان خودکشی کا بحران 2024 میں بھی سنگین بنا رہا۔ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کی رپورٹ کے مطابق 2024 میں زرعی شعبے سے وابستہ کل 10546 افراد نے اپنی جان دی تھی۔ یہ تعداد 2023 کے 10786 معاملے کے مقابلے میں تھوڑی کم ضرور ہے، لیکن ملک میں اوسطاً ہر دن تقریباً 28 کسان خودکشی کر رہے ہیں۔ یعنی ہندوستان میں اب بھی ہر گھنٹے میں ایک کسان یا زرعی مزدور اپنی جان دے رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق زراعت سے وابستہ خودکشیاں ملک میں درج کی گئی کل 170746 خودکشیوں کا 6.2 فیصد رہیں۔ رپورٹ یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ خودکشی کرنے والوں میں زرعی مزدوروں کا حصہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ 10546 افراد میں سے 5913 زرعی مزدور تھے، جو کل معاملات کا 56 فیصد ہے۔ 2020 میں زرعی مزدوروں کا حصہ 47.75 فیصد تھا، لیکن اس کے بعد سے یہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ ماہرین طویل عرصے سے یہ اشارہ دے رہے ہیں کہ دیہی خاندانوں کی آمدنی میں کھیتی سے ہونے والی کمائی کے مقابلے میں مزدوری پر انحصار بڑھتا جا رہا ہے، جس سے معاشی عدم تحفظ مزید گہرا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ 2022 میں زرعی شعبے میں خودکشیوں کا اعداد و شمار 11290 تک پہنچ گیا تھا، جو گزشتہ برسوں میں سب سے زیادہ تھا۔ اس کے بعد سے مسلسل گراوٹ درج کی گئی ہے، لیکن موجودہ تعداد یہ بتاتی ہے کہ زمینی حالات میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ مہاراشٹر میں زرعی شعبے سے وابستہ خودکشیوں کے سب سے زیادہ3824 معاملات درج کیے گئے۔ یہ ملک میں زرعی شعبے کی کل خودکشیوں کا 36.26 فیصد حصہ ہے۔ دوسرے نمبر پر کرناٹک ہے جہاں 2971 معاملات درج کیے گئے۔ اس کے بعد مدھیہ پردیش میں 835، آندھرا پردیش میں 780، تمل ناڈو میں 503 اور چھتیس گڑھ میں 486 خودکشیاں درج کی گئیں۔ اتر پردیش اور بہار جیسی بڑی زرعی ریاستوں میں زرعی خودکشیوں کی تعداد مہاراشٹر، کرناٹک اور مدھیہ پردیش کے مقابلے میں کافی کم درج کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق 2024 میں خودکشیوں میں سب سے زیادہ اضافہ کرناٹک میں درج کیا گیا، جہاں 2023 کے مقابلے میں معاملات میں 22.61 فیصد اضافہ ہوا۔ اس کے بعد راجستھان میں 14 فیصد اور مدھیہ پردیش میں 7.46 فیصد اضافہ درج کیا گیا۔ اس کے برعکس، آندھرا پردیش میں زرعی شعبے سے وابستہ خودکشیوں میں 15.67 فیصد کی کمی دیکھی گئی۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.