Saturday, December 6, 2025
ہومNationalآن لائن جرائم پر بین الاقوامی کنونشن منظور

آن لائن جرائم پر بین الاقوامی کنونشن منظور

نئی دہلی، 29 دسمبر:۔ (ایجنسی) آن لائن جرائم کی روک تھام اور دنیا بھر کے لوگوں کو ڈیجیٹل خطرات سے تحفظ دینے کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کی کوششوں کے تحت اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے سائبر جرائم کے خلاف کنونشن منظور کر لیا ہے ۔ یہ کنونشن رکن ممالک کی پانچ سالہ کوششوں کے بعد طے پایا گیا۔ اس کے اصول و ضوابط طے کرنے میں سول سوسائٹی، اطلاعاتی تحفظ کے ماہرین اور تعلیمی و نجی شعبے سے آرا بھی لی گئیں ۔ یہ فوجداری انصاف کا پہلا عالمی معاہدہ ہے جس پر تقریباً 20 سال سے بات چیت جاری تھی۔ آئندہ سال ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی میں اس پر دستخط کیے جائیں گے۔ 40 ممالک کی جانب سے توثیق ملنے کے تین ماہ بعد یہ باقاعدہ طور سے نافذالعمل ہو جائے گا۔ اس کنونشن پر دستخط کرنے والے ممالک اس پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔اقوام متحدہ جنرل اسمبلی نے 24 دسمبر کو اس کنونشن سے متعلق قرارداد کو بغیر رائے شماری کے منظور دے دی۔ یہ کنونشن اطلاعاتی و مواصلاتی ٹیکنالوجی کے غلط استعمال سے جنم لینے والے نمایاں خطرات کو تسلیم کرتا ہے جسے جرائم پیشہ عناصر غیرمعمولی حجم، رفتار اور وسعت کی حامل مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے کام میں لا سکتے ہیں۔ اس میں ریاستوں، کاروباروں اور معاشرے پر ایسے جرائم کے انتہائی منفی اثرات کو بھی واضح کیا گیا ہے۔ کنونشن میں دہشت گردی، انسانوں اور منشیات کی اسمگلنگ اور آن لائن مالیاتی جرائم سے لاحق خطرات اور ان سے تحفظ کی اہمیت تسلیم کی گئی ہے۔ کنونشن کے مطابق سائبر جرائم کے مقابل غیرمحفوظ لوگوں کے لیے انصاف کو ترجیح دینا بہت ضروری ہے، لہٰذا آن لائن جرائم کے خلاف تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے تکنیکی معاونت، صلاحیتوں میں اضافے اور ممالک کے مابین تعاون کو بڑھانا ہوگا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش کے مطابق یہ معاہدہ سائبر جرائم کی روک تھام اور ان کا مقابلہ کرنے کی غرض سے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ممالک کے اجتماعی عزم کا عکاس ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ آن لائن سرگرمیوں کو محفوظ بنائے گا۔ انہوں نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ اس معاہدہ میں شمولیت اختیار کریں اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ بعد ازاں ان کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ اس معاہدے سے رکن ممالک کو جرائم سے متعلق معلومات اور ثبوتوں کے تبادلے، متاثرین کی حفاظت اور جرائم کی روک تھام اور آن لائن دنیا میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے باہمی تعاون کا غیرمعمولی پلیٹ فارم میسر آئے گا۔
Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات