بی جے پی نے ممتا حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا
سلی گوڑی، 07 اکتوبر (یو این آئی) مغربی بنگال میں شمالی مالدا کے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) رکن پارلیمنٹ کھگین مرمو کی آنکھوں کے نیچے شدید زخم آئے ہیں اور ان کا سلی گوڑی کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں علاج جاری ہے۔بی جے پی رکن پارلیمنٹ پر یہ حملہ سیلاب متاثرہ نگرکاٹا کے دورے کے دوران کیا گیا تھا۔ ڈاکٹروں نے تصدیق کی ہے کہ ان کی حالت فی الحال مستحکم ہے اور چہرے پر ہونے والے فریکچر کے لیے فوری سرجری کی ضرورت ہے۔ابتدائی رپورٹ میں تجویز دی گئی تھی کہ انہیں دہلی ایمس بھیجا جا سکتا ہے، لیکن دارجلنگ کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ راجو بشٹ نے واضح کیا کہ فی الحال ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔مسٹر بشٹ نے یو این آئی کو بتایا کہ ’’مسٹر کھگین مرمو کی آنکھوں کے نیچے زخم ہیں۔ ابھی سلی گوڑی سے باہر لے جانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ ڈاکٹروں کی طرف سے سرجری یہاں کی جا سکتی ہے۔‘‘اسی حملے میں زخمی بی جے پی کے رکن اسمبلی شنکر گھوش بھی اپنے علاج کے لیے اسی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ان کی حالت بھی مستحکم ہے۔حملے کے باوجود پولیس نے اب تک کسی کو گرفتار نہیں کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد درج شکایات کی بنیاد پر آٹھ افراد کی شناخت کر کے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔اس واقعے کے ذمہ دار افراد کی گرفتاری نہ ہونے پر بی جے پی نے سخت تنقید کی ہے اور دھمکی دی ہے کہ اگر فوری کارروائی نہ کی گئی تو بڑے پیمانے پر احتجاج یا تحریک شروع کی جائے گی۔



