Saturday, December 6, 2025
ہومNationalنیپال میں ہند ستا نی شہر یو ں کو محتاط رہنے کا...

نیپال میں ہند ستا نی شہر یو ں کو محتاط رہنے کا مشورہ

ہندوستان نے نیپال کے تمام فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی اپیل کی

اقوام متحدہ نےنیپال حکومت اور مظاہرین کوپرامن طریقے سے بات چیت کرنے کا مشورہ دیا

نئی دہلی 09 ستمبر (یواین آئی) نیپال میں تازہ ترین پیش رفت کے پیش نظر ہندوستان نے تمام متعلقہ فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی اپیل کی ہے اور وہاں رہنے والے اپنے شہریوں سے محتاط رہنے کو کہا ہے۔وزارت خارجہ نے منگل کو یہاں ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نیپال میں ہونے والی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ “ہم کل سے نیپال میں ہونے والی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور بہت سے نوجوانوں کی موت سے غمزدہ ہیں۔ ہماری تعزیتیں اور دعائیں مرنے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات پیش کرتے ہیں۔”وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ہندوستان، نیپال کا قریبی دوست اور پڑوسی ہونے کے ناطے امید کرتا ہے کہ تمام متعلقہ فریق تحمل کا مظاہرہ کریں گے اور کسی بھی مسئلے کو پرامن طریقے اور بات چیت کے ذریعے حل کریں گے۔وزارت خارجہ نے نیپال میں رہنے والے ہندوستانیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کرفیو کے پیش نظر چوکس رہیں اور وہاں کی حکومت کی ہدایات پر عمل کریں۔ بیان میں کہا گیا ہے، “ہم نے یہ بھی نوٹ کیا ہے کہ حکام نے کھٹمنڈو اور نیپال کے کئی دیگر شہروں میں کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ نیپال میں ہندوستانی شہریوں کو احتیاط برتنے اور نیپالی حکام کی طرف سے دی گئی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔”معلوم ہوا ہے کہ نیپال میں پیر کو ہونے والے شدید فسادات کے بعد پولیس کی کارروائی میں 20 نوجوان ہلاک اور 350 افراد زخمی ہوئے تھے۔ یہ نوجوان حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا پر پابندی سے ناراض تھے۔ رات گئے نیپال کے وزیر داخلہ رمیش لیکھک نے اس واقعے کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ بعد ازاں کابینہ کے اجلاس میں سوشل میڈیا پر پابندی کا حکم واپس لے لیا گیا۔
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوترس نے نیپال میں حکومت اور مظاہرین کے درمیان جاری تصادم کے دوران دونوں فریقوں سے پرامن طریقے سے بات چیت کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کی اپیل کی ہے۔مسٹر گوترس کی طرف سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ نیپال کی صورتحال کے بارے میں فکرمند ہے اور اس پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نےافسران اور حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ لوگوں کے پرامن مظاہرے اور اظہار رائے کے حقوق کا تحفظ کریں اور کہا، ’’میں سمجھتا ہوں کہ سکیورٹی فورسز کو طاقت کے استعمال کے بنیادی اصولوں کی پیروی کرنی چاہیے۔ ہم جانی نقصان پر کافی رنجیدہ ہیں۔‘‘اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ حکومت اور مظاہرین میٹنگ کریں اور آگے بڑھنے کی کوشش کریں اور مختلف مسائل پر پرامن طریقے سے بات چیت کریں۔نیپال کے کئی علاقوں میں بدعنوانی اور حکومت کی طرف سے سوشل میڈیا پر پابندی کے خلاف پیر کو ہونے والے مظاہرے اس وقت پرتشدد ہوگئے جب پولیس کی فائرنگ میں کم از کم 19 نوجوان ہلاک اور تقریباً 350 زخمی ہوگئے۔مظاہرین منگل کی صبح صدر رام چندر پوڈیل کی بوہوراٹار میں واقع رہائش گاہ میں جبراً داخل ہوگئے اور وہاں خوب توڑ پھوڑ کی۔ مقامی میڈیا کے مطابق، ملک کے دیگر بڑے رہنماؤں کے گھروں پر بھی مظاہرین نے حملے کیے۔مظاہرین نے نیپالی کمیونسٹ پارٹی (ماؤدی سینٹر) کے صدر اور سابق وزیر اعظم پشپ کمل دہل کے کھومالتار میں واقع گھر پر بھی پتھراؤ کیاہے۔کاٹھمانڈو پوسٹ نے بتایا کہ مظاہرین نے نائب وزیر اعظم اور وزیر خزانہ بشنو پوڈیل کے بھیسپتی میں واقع گھر پر بھی پتھراؤ کیا۔ للت پور میں مظاہرین نے مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے وزیر پرتھوی سُبّا گرؤنگ کے گھر میں آگ لگا دی۔ پیر کو مستعفی ہونے والے وزیر داخلہ رمیش لیکھک کے گھر پر بھی حملہ کیا گیا۔مظاہرین سابق وزیر اعظم اور نیپالی کانگریس کے صدر شیر بہادر دیوبا کے بودھنیل کانٹھا میں واقع گھر تک پہنچے، لیکن حملہ کرنے سے پہلے ہی انہیں روک دیا گیا۔ نیپال ریزرو بینک کے گورنر بسوہ پوڈیل کے بھیسپتی میں واقع گھر پر بھی پتھراؤ کیا گیا۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات