دہرادون، 13 دسمبر (یو این آئی) اتراکھنڈ کے دہرادون میں واقع انڈین ملٹری اکیڈمی (آئی ایم اے) کے تاریخی ڈرل اسکوائر میں 157ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس میں مجموعی طور پر 525 کیڈٹس پاس آؤٹ ہوئے۔ ان میں سے 491 نوجوان فوجی افسران ہندوستانی بری فوج میں شامل ہوں گے، جبکہ باقی 34 کیڈٹس کو 14 دوست ممالک کی افواج میں خدمات انجام دینے کا موقع ملے گا۔اس موقع پر وقار، روایت اور فوجی شان و شوکت سے لبریز آفیسر کیڈٹس کو ہندوستانی فوج میں کمیشن دیا گیا۔ یہ تقریب اکیڈمی کے آدرش، بہادری اور دانشمندی اور کیڈٹس کی سخت تربیت ، نظم و ضبط اور غیر معمولی شجاعت کی ایک مضبوط علامت تھی ۔بری فوج کے سربراہ جنرل اوپیندر دویدی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور نو مقرر افسران کو کامیابی کے ساتھ تربیت مکمل کرنے پر مبارک باد دی۔ انہوں نے نوجوان افسران کے اعلیٰ درجے کے نظم و ضبط، قائدانہ صلاحیت اور قوت برداشت کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ہندوستانی فوج کی شاندار روایات کو برقرار رکھنے اور وفاداری، عزم اور وقار کے ساتھ ملک کی خدمت کرنے کی تلقین کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ فوج میں کمیشن حاصل کرنا محض تربیت کا اختتام نہیں بلکہ ملک کے تئیں زندگی بھر کے فرض اور بے لوث خدمت کی شروعات ہے۔پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 157ویں ریگولر کورس، 46ویں ٹیکنیکل انٹری اسکیم، 140ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 55ویں اسپیشل کمیشنڈ آفیسرز کورس اور ٹیریٹوریل آرمی آن لائن انٹرنس ایگزام 2023 کورس کے کل 525 آفیسر کیڈٹس کے ساتھ ساتھ 14 دوست ممالک کے 34 غیر ملکی آفیسر کیڈٹس کو بھی کمیشن دیا گیا۔ یہ کمیشننگ نہ صرف ہندوستان کی دفاعی قیادت کو مضبوط بنائے گی بلکہ دوست ممالک کے ساتھ طویل مدتی فوجی تعاون کو بھی تقویت دے گی۔



