ہومNationalہندوستان اور فن لینڈ نے مغربی ایشیا کی صورتحال پر کہا

ہندوستان اور فن لینڈ نے مغربی ایشیا کی صورتحال پر کہا

صرف فوجی ٹکراؤ سے مسائل کا حل ممکن نہیں

نئی دہلی، 5 مارچ (یواین آئی) مغربی ایشیا میں جاری فوجی کشیدگی کے درمیان ہندستان اور فن لینڈ نے قانون کی حکمرانی اور سفارت کاری پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ صرف فوجی ٹکراؤ سے کسی بھی مسئلے کا حل ممکن نہیں دونوں ممالک نے مغربی ایشیا اور یوکرین میں جاری تنازعات کے جلد خاتمے اور قیامِ امن پر بھی زور دیا ہے وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندستان کے دورے پر آئے فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹب کے ساتھ جمعرات کو یہاں دوطرفہ بات چیت کے بعد مشترکہ پریس بیان میں کہا کہ ہندستان اور فن لینڈ نے ٹیکنالوجی سے لے کر دفاع جیسے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے اپنے تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے تین مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر بھی دستخط کیے۔دونوں ممالک نے قانون کی حکمرانی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے عالمی اداروں میں اصلاحات کی وکالت کی ہے۔ انہوں نے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔مسٹر مودی نے عالمی سطح پر عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین سے لے کر مغربی ایشیا تک دنیا کے کئی حصوں میں تنازع کی کیفیت برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندستان اور فن لینڈ دونوں قانون کی حکمرانی، بات چیت اور سفارت کاری پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’ہم اس بات پر متفق ہیں کہ صرف فوجی تصادم سے کسی بھی مسئلے کا حل نہیں نکل سکتا۔ یوکرین ہو یا مغربی ایشیا، ہم تنازعات کے جلد خاتمے اور امن کی ہر کوشش کی حمایت جاری رکھیں گے۔”

دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اتفاق رائے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں دنیا کی دو بڑی سفارتی طاقتوں ہندوستان اور یورپ کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون عالمی استحکام، ترقی اور مشترکہ خوشحالی کو نئی طاقت فراہم کر رہا ہے۔ ہندوستان اور یوروپی یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے ان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔ دونوں ممالک ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور پائیداری جیسے شعبوں میں اہم شراکت دار ہیں۔دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوکیا کے موبائل فون اور ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورک نے کروڑوں ہندستانیوں کو آپس میں جوڑا ہے۔ فن لینڈ کے معماروں کے تعاون سے ہندوستان نے دریائے چناب پر دنیا کا سب سے اونچا ریلوے پل تعمیر کیا ہے۔ فن لینڈ کی شراکت سے ہندستان نے نومالی گڑھ میں دنیا کی سب سے بڑی بانس سے تیار کردہ بایو ایتھنول ریفائنری بھی قائم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی تعاون سے تحریک لیتے ہوئے دونوں ممالک نے تعلقات کو ڈیجیٹلائزیشن اور سسٹینیبلٹی میں اسٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’یہ شراکت داری اے آئی سے لے کر 6 جی ٹیلی کمیونیکیشن، صاف توانائی سے لے کر کوانٹم کمپیوٹنگ، کئی ہائی ٹیک شعبوں میں ہمارے تعاون کو رفتار اور توانائی فراہم کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ دفاع، خلائی تحقیق، سیمی کنڈکٹر اور اہم معدنیات جیسے اہم شعبوں میں بھی شراکت داری کو مزید وسعت دی جائے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہندستان اور فن لینڈ جیسے جمہوری اور ذمہ دار ممالک کی یہ اسٹریٹجک شراکت داری دنیا کے لیے قابلِ اعتماد ٹیکنالوجی اور سپلائی چین کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے عالمی چیلنجوں کے حل کے لیے عالمی اداروں میں فوری اصلاحات ناگزیر ہیں اور دونوں ممالک دہشت گردی کے ہر روپ کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔مسٹر مودی نے کہا کہ فن لینڈ ہندستانی طلبہ اور ٹیلنٹ کے لیے ایک ترجیحی مقام بنتا جا رہا ہے اور دونوں ممالک کے اختراعی نظام کو جوڑنے کے لیے ہم نے فن لینڈ کے ساتھ ایک جامع “مائیگریشن اینڈ موبیلیٹی معاہدہ” کیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اس کے ساتھ ہم مشترکہ تحقیق اور اسٹارٹ اپ تعاون کو بھی مزید مضبوط کرنے جارہے ہیں۔ تعلیم کے میدان میں فن لینڈ ایک مثالی ملک ہے۔ انہوں نے کہا، ’’آج ہم نے ٹیچر ٹریننگ، اسکول سے اسکول شراکت داری اور تعلیم کے مستقبل میں تحقیق میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت مند زمین ہم سب کی مشترکہ ترجیح ہے اور اس سال فن لینڈ کے ساتھ ہم ہندستان میں ’ورلڈ سرکولر اکانومی فورم‘ کی میزبانی کرنے جارہے ہیں۔ اس سے پائیداری کی کوششوں کو نئی رفتار اور نئے خیالات ملیں گے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات