گزشتہ چار ماہ میں پانچویں مرتبہ اضافہ ہوا
نئی دہلی، یکم اپریل (ہ س)۔ مغربی ایشیا میں جاری بحران کی وجہ سے دنیا بھر میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے درمیان عوامی شعبے کی تیل اور گیس کی مارکیٹنگ کمپنیوں نے بدھ کو کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 195.50 روپے کا اضافہ کیا ہے۔ تاہم گھریلو کھانا پکانے والی گیس کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق بدھ سے ہو گیا ہے۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے قومی راجدھانی دہلی میں کمرشیل سلنڈر 195.50 روپے، ممبئی میں 196 روپے، چنئی میں 203 روپے اور کولکاتا میں 218 روپے مہنگا ہو گیا ہے۔سرکاری تیل کی مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن ( آئی او سی ) کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق، آج کمرشیل سلنڈر کی قیمت میں اضافے کے بعد، دہلی میں 19 کلو کے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت اب 1,883 روپے سے بڑھ کر 2,078.50 روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح کولکاتا میں اس کی قیمت 1,990 روپے سے بڑھ کر 2,208 روپے ہوگئی ہے۔ ملک کی مالیاتی راجدھانی ممبئی میں ایک کمرشیل سلنڈر 1,835 روپے کے بجائے 2,031 روپے میں دستیاب ہوگا، وہیں چنئی میں ایک کمرشل سلنڈر کی قیمت 2,043.50 روپے سے بڑھ کر 2,246.50 روپے کر دی گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ہوٹلوں، ریستورانوں، ڈھابوں اور دیگر تجارتی اداروں میں استعمال ہونے والے کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں گزشتہ چار ماہ میں پانچویں مرتبہ اضافہ ہوا ہے۔



