سمستی پور، 06 جنوری (راست)سڑک حادثات میں کمی لانے اور عوام الناس کو ٹریفک قوانین کے تئیں بیدار کرنے کے مقصد سے منگل کے روز کلکٹریٹ احاطہ، سمستی پور سے قومی روڈ سیفٹی ماہ کا شاندار آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع مجسٹریٹ روشن کشواہا اور پولیس سپرنٹنڈنٹ اروند پرتاپ سنگھ نے مشترکہ طور پر روڈ سیفٹی آگاہی رتھ کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ روشن کشواہا نے کہا کہ روڈ سیفٹی نہایت سنجیدہ معاملہ ہے اور معمولی سی لاپرواہی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ گاڑی چلاتے وقت ہیلمٹ کا لازمی استعمال کریں، سیٹ بیلٹ باندھیں، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور ٹریفک اشاروں و قوانین کی پابندی کریں۔پولیس سپرنٹنڈنٹ اروند پرتاپ سنگھ نے کہا کہ روڈ سیفٹی ماہ کے دوران ضلع بھر میں خصوصی بیداری مہم چلائی جائے گی تاکہ لوگ ٹریفک قوانین کے تئیں باخبر اور باقاعدہ بنیں اور حادثات میں مؤثر کمی لائی جا سکے۔ ضلع ٹرانسپورٹ افسر وویک چندر پٹیل نے بتایا کہ یہ آگاہی رتھ ضلع کے شہری اور دیہی علاقوں میں گشت کرے گا اور مائکنگ و دیگر ذرائع کے ذریعے لوگوں کو محفوظ سفر کے لیے متنبہ کرے گا۔اس پروگرام میں ایڈیشنل کلکٹر بریجیش کمار، سب ڈویژنل آفیسر سمستی پور دلیپ کمار، ضلع سطح کے دیگر سینئر افسران و ملازمین اور مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندگان موجود تھے۔ اس موقع پر ضلع مجسٹریٹ نے تمام حاضرین کو ٹریفک قوانین کی پابندی کی حلف بھی دلائی۔انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ روڈ سیفٹی قوانین پر عمل کر کے نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی قیمتی جانوں کی حفاظت میں اپنا تعاون پیش کریں۔



