ہومNationalایران جنگ کا اثر: ملک بھر کے اسکولوں میں مڈڈے میل مہم...

ایران جنگ کا اثر: ملک بھر کے اسکولوں میں مڈڈے میل مہم بحران کا شکار

ایل پی جی کی قلت اور بڑھتی ہوئی غذائی قیمتوں نے اسکیم کو متاثر کیا، دیہی علاقوں میں شدید مشکلات

نئی دہلی، 4 اپریل:۔ (ایجنسی)پورے ہندوستان کے سرکاری اسکول مڈ ڈے میل کو جاری رکھنے کے لیے ایل پی جی کے متبادل ذرائع تلاش کرنے میں جدوجہد کر رہے ہیں، جبکہ اقوام متحدہ کی فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (FAO) نے جمعہ کو کہا کہ مارچ میں عالمی غذائی قیمتیں گزشتہ سال ستمبر کے بعد اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں، اور اگر مشرق وسطیٰ کا تنازع (جس نے توانائی کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے) جاری رہا تو مزید بڑھ سکتی ہیں۔ دریں اثنا دنیا کی سب سے بڑی اسکول فوڈ اسکیم (مڈ ڈے میل) نچلی سطح پر بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

دیہی اسکولوں کی بات کریں تو ضلع اودھ کے پورا بلاک کے گاؤں متراسین پور میں، جہاں بچوں کی حاضری مسلسل گر رہی ہے، مقامی پرائمری اسکول میں، جہاں 60 بچوں کے لیے دوپہر کا کھانا غذائیت کا واحد ذریعہ تھا، بری طرح متاثر ہے۔ کچن میں ایل پی جی سلنڈر نہ ہونے کی وجہ سے خبر لہریا کے مطابق، ایک ہفتے سے دوپہر کا کھانا نہیں پکایا گیا، بچوں کو بھنے ہوئے چنے یا بسکٹ دیے جا رہے ہیں۔ کبھی کبھی انہیں واپس گھر بھیج دیا جاتا ہے۔
یہ مسئلہ صرف اتر پردیش تک محدود نہیں۔ اطلاع ہے کہ بنگال، چھتیس گڑھ، آندھرا پردیش اور اوڈیشہ کے کئی دیہی اسکولوں میں لکڑی کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ بنگال کے جنوبی 24 پرگنہ ضلع کے کرشنا چندر پور ہائی اسکول کے ہیڈ ماسٹر چندن مائتی نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ 11 مارچ کو تقریباً 1500 طلبہ کے لیے دوپہر کا کھانا روایتی مٹی کے چولھے پر لکڑی جلا کر پکایا گیا جب کہ اسکول کو گیس کی فراہمی نہیں مل سکی۔
تاہم، چیلنج صرف گیس کی قلت تک محدود نہیں، بلکہ خوراک کے اناج، دالوں اور دیگر ضروری اشیاء کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے اسکولوں کے غذائی بجٹ کو بھی متاثر کیا ہے۔ اس مسئلے سے صرف ہندوستان ہی دوچار نہیں۔ اقوام متحدہ کی فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کے چیف اکانومسٹ میکسیمو ٹوریرو نے بھی خبردار کیا ہے کہ اگر یہ تنازع 40 دن سے زیادہ جاری رہتا ہے تو اس سال اور آئندہ سال کی خوراک کی فراہمی اور اشیائے خوردنی کی قیمتوں پر اس کا اثر پڑے گا۔
اس کے علاوہ اس تنظیم نے اشیائے خوردنی کی پیداواری لاگت، اس کی مانگ، اور کھپت کا جائزہ لے کر اندازہ پیش کیا ہے، جس کے مطابق گیہوں کی قیمت میں مسلسل تیسرے سال اضافہ ہوا ہے، اور اس کے علاوہ تیل کی قیمت میں آئندہ اضافہ کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات