جموں و کشمیر کے ترقیاتی منصوبوں اور سیکیورٹی صورتحال کا جامع جائزہ
جموں،7فروری(یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتے کے روز جموں میں ایک نہایت اہم اور اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، انفراسٹرکچر کی توسیع اور حکومتی اسکیموں کی زمینی سطح تک رسائی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ یہ میٹنگ لوک بھون میں منعقد ہوئی، جس میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیراعلیٰ عمر عبداللہ، مرکزی ہوم سیکریٹری گووند موہن، چیف سیکریٹری اتل ڈولو، ڈی جی پی نالین پربھات سمیت اعلیٰ سول و فوجی حکام شریک ہوئے۔مرکزی وزیر داخلہ جمعرات کی شب جموں پہنچے تھے اور اپنے دو روزہ دورے کا آغاز جمعہ کے روز کٹھوعہ ضلع میں بین الاقوامی سرحد کے ساتھ واقع بی ایس ایف کی گرنام اور بوبیا فارورڈ پوسٹس کے دورے سے کیا۔ انہوں نے سرحدی چوکیوں پر تعینات بی ایس ایف اہلکاروں سے صورتِ حال کی تفصیلی جانکاری لی اور پاکستانی جانب سے دراندازی کی کوششوں پر سخت نگرانی رکھنے کی ہدایت دی۔کٹھوعہ سے واپسی پر امیت شاہ نے ایک اہم سیکیورٹی جائزہ میٹنگ بھی کی، جس میں فوجی سربراہ جنرل اُوپیندرا دویدی بھی شامل تھے۔ اس میٹنگ میں کشمیر میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے، دراندازی کی روک تھام، اور جنگلاتی علاقوں میں چھپے دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز کو مزید تیز کرنے پر زور دیا گیا۔مرکزی وزیر داخلہ نے دہشت گردی کے خلاف لڑتے ہوئے شہید ہونے والے جموں و کشمیر پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور انہیں سرکاری نوکریوں کے تقرری نامے حوالے کیے۔ اس موقع پر انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔دوسری جانب، بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک وفد نے بھی امیت شاہ سے ملاقات کی اور تنظیمی امور کے علاوہ ترقیاتی مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔ میٹنگ کے بعد امیت شاہ نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ جموں میں انہوں نے جموں و کشمیر بی جے پی کے ریاستی عہدیداران، ارکانِ اسمبلی اور ارکانِ پارلیمان کے ساتھ اہم میٹنگیں کیں۔ انہوں نے کہا:’بی جے پی وزیر اعظم نریندر مودی کی ترقیاتی اسکیموں کو زمینی سطح تک پہنچانے، تنظیم کو وسعت دینے، اور ’ترقی یافتہ جموں و کشمیر، محفوظ جموں و کشمیر‘ کے وژن کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے اپنا کام جاری رکھے گی۔‘ترقیاتی جائزہ میٹنگ کے دوران وزیر داخلہ نے افسران سے مختلف انفراسٹرکچر پراجیکٹس کی پیش رفت، مرکزی معاونت یافتہ اسکیموں کی عمل آوری، سڑک و ٹرانسپورٹ نیٹ ورک، صحت و تعلیم کے شعبوں کی بہتری، اور سرحدی علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی رفتار سے متعلق جامع رپورٹس طلب کیں۔ اجلاس میں خاص طور پر ان منصوبوں کی نشاندہی کی گئی جنہیں رفتار پکڑنے کی ضرورت ہے، جبکہ افسران کو ہدایت دی گئی کہ تمام کام مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں۔ذرائع کے مطابق امیت شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر میں امن و امان کی بحالی کے ساتھ ساتھ ترقیاتی عمل میں کسی قسم کی سست روی برداشت نہیں کی جائے گی، کیونکہ ترقی ہی وہ راستہ ہے جو خطے کے نوجوانوں کے لیے بہتر مستقبل کی ضمانت فراہم کرسکتا ہے۔



