نئی دہلی، 17 دسمبر:۔ (ایجنسی) ہندوستان نے بدھ کے روز بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر کو وزارتِ خارجہ طلب کر کے ڈھاکہ میں ہندوستانی ہائی کمیشن کو موصول ہونے والی دھمکیوں اور بعض بنگلہ دیشی لیڈروں کی جانب سے دیے گئے اشتعال انگیز ہندوستان مخالف بیانات پر سخت سفارتی احتجاج درج کرایا۔ یہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب بنگلہ دیش میں سکیورٹی صورتحال کے بگڑنے پر ہندوستان پہلے ہی اپنے ہائی کمیشن سے غیر ضروری عملے اور اہلِ خانہ کو واپس بلا چکا ہے۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر ایم ریاض حمید اللہ کو طلب کر کے بنگلہ دیش میں سکیورٹی کے بگڑتے حالات پر ہندوستان کی گہری تشویش سے آگاہ کیا گیا۔ بیان میں خاص طور پر ان انتہاپسند عناصر کی سرگرمیوں کی جانب توجہ دلائی گئی جنہوں نے ڈھاکہ میں ہندوستانی مشن کے گرد سکیورٹی صورتحال پیدا کرنے کے اعلانات کیے ہیں۔ ہندوستان نے واضح کیا کہ سفارتی مشنز کی حفاظت میزبان حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہندوستان بعض انتہاپسند عناصر کی جانب سے حالیہ واقعات پر قائم کی جا رہی جھوٹی بیانیہ سازی کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔ بیان میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ عبوری حکومت نہ تو ان واقعات کی مکمل اور شفاف جانچ کر سکی ہے اور نہ ہی ہندوستان کے ساتھ کوئی بامعنی شواہد شیئر کیے گئے ہیں۔ یہ اشارہ اُن الزامات کی جانب تھا جن میں بعض بنگلہ دیشی لیڈروں نے بنگلہ دیش کے انتخابی عمل پر ہندوستان کے اثرانداز ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ہندوستان نے واضح کیا کہ بنگلہ دیش کے عوام کے ساتھ اس کے قریبی اور دوستانہ تعلقات آزادی کی جدوجہد سے جڑے ہوئے ہیں اور ترقیاتی تعاون اور عوامی روابط کے ذریعے مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ ہندوستان نے ایک بار پھر بنگلہ دیش میں امن، استحکام اور آزاد، منصفانہ، جامع اور قابلِ اعتبار انتخابات کی حمایت کا اعادہ کیا اور عبوری حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ویانا کنونشن کے تحت سفارتی مشنز اور اہلکاروں کی سلامتی یقینی بنائے۔



