Friday, December 5, 2025
ہومNationalای ڈی کی کارروائی: ونزو گیمس کے ڈائریکٹرز گرفتار، 505 کروڑ روپے...

ای ڈی کی کارروائی: ونزو گیمس کے ڈائریکٹرز گرفتار، 505 کروڑ روپے ضبط

نئی دہلی، 27 نومبر (یونی) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بدھ کی شب ونزو گیمز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹرز سومیہ سنگھ راٹھور اور پون نندا کو گرفتار کر کے انہیں بنگلورو کے ایک جج کی رہائش گاہ پر پیش کیا۔عدالت نے دونوں ڈائریکٹرز کو ای ڈی کی تحویل میں دے دیا اور حکم دیا کہ انہیں جمعرات کے روز صبح 11:30 بجے دوبارہ پیش کیا جائے تاکہ ایجنسی کی جانب سے دائر کی گئی ریمانڈ کی درخواست پر دلائل سنے جا سکیں۔ ان گرفتاریوں سے قبل ای ڈی نے حال ہی میں کئی تلاشی مہم بھی چلائی تھیں۔ای ڈی کی بنگلورو زونل ٹیم نے 18 سے 22 نومبر 2025 کے درمیان دہلی اور گروگرام میں 4 مقامات پر چھاپے مارے۔ یہ کارروائی منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون (پی ایم ایل اے) 2002 کے تحت کی گئی تھی۔ تحقیقات کے دوران ای ڈی نے تقریباً 505 کروڑ روپے کی مشتبہ رقم فریز کردی جو بینک اکاؤنٹس، بانڈز، فکسڈ ڈپازٹس اور میوچل فنڈز میں ونزو گیمز پرائیویٹ لمیٹڈ سے متعلق تھیں۔تحقیقات اس وقت شروع ہوئیں جب متعدد ایف آئی آر میں ونزو اور دیگر کے خلاف سنگین الزامات لگائے گئے جن میں دھوکہ دہی، صارفین کے اکاؤنٹس بلاک کرنا، جعلی شناخت بنانا، پین کارڈز کا غلط استعمال اور کے وائی سی ریکارڈز میں چھیڑ چھاڑ شامل تھے۔ کئی شکایت کنندگان نے بتایا کہ ان کی کے وائی سی تفصیلات کا غلط استعمال کرتے ہوئے ان کے نام پر لین دین کیا گیا جس کے باعث انہیں شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا۔تحقیقات سے پتا چلا کہ ونزو گیمز ہندوستان میں بیٹھ کر برازیل، امریکہ اور جرمنی سمیت کئی ممالک میں اپنے ریئل منی گیمز چلا رہا تھا۔ یہ بھی انکشاف ہوا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے 22 اگست 2025 کو ریئل منی گیمز پر پابندی کے باوجود کمپنی نے تقریباً 43 کروڑ روپے صارفین کو واپس نہیں کیے اور یہ رقم کمپنی کے پاس ہی رہی۔ای ڈی کی تحقیقات میں ایک بڑا انکشاف یہ تھا کہ ونزو اپنے صارفین کو اصل کھلاڑیوں کے بجائے سافٹ ویئر اور الگورتھمز کے مقابل کھیلنے پر مجبور کرتا تھا جبکہ صارفین کو بتایا جاتا تھا کہ وہ حقیقی کھلاڑیوں کے خلاف کھیل رہے ہیں۔ کمپنی نے کئی صارفین کے والٹس سے رقم نکلوانے پر پابندی لگا دی جس سے انہیں نقصان ہوا۔ کمپنی نے صارفین کی جمع شدہ اور ہاری ہوئی رقم سے غیر قانونی منافع حاصل کیا۔ مزید برآں تحقیقات سے پتا چلا کہ ونزو اپنی عالمی سرگرمیاں ہندوستان سے چلا رہی تھی اور بڑی رقوم امریکہ اور سنگاپور کو اوورسیز انویسٹمنٹ کے نام پر بھیج رہی تھی۔ لگ بھگ 489.90 کروڑ روپے (55 ملین امریکی ڈالر) امریکہ میں موجود ونزو یو ایس آئی این سی نامی ایک شیل کمپنی کے اکاؤنٹ میں جمع کیے گئے تھے جبکہ اس کمپنی کی تمام سرگرمیاں ہندوستان سے ہی چل رہی تھیں۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات