نئی دہلی، 11 اپریل (یو این آئی) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی ( نے ہفتہ کو بتایا کہ اس نے حال ہی میں ارتھ انفراسٹرکچر لمیٹڈ (ای آئی ایل ) اور اس کی گروپ کمپنیوں سے متعلق ایک کیس میں تلاشی کی کارروائیاں کی ہیں، جس کے نتیجے میں 6.3 کروڑ روپے کی نقدی، 7.5 کروڑ روپے مالیت کے زیورات، چاندی کی اینٹیں اور لگژری گھڑیاں ضبط کی گئی ہیں۔ ای ڈی کے ایک سینیئر اہلکار کے مطابق یہ چھاپے گروگرام اور دہلی میں ارتھ گروپ کے ڈائریکٹرز، پروموٹرز اور متعلقہ اداروں سے وابستہ 10 مقامات پر مارے گئے۔منی لانڈرنگ کی یہ تحقیقات دہلی پولیس کی اقتصادی جرائم کی روک تھام سے متعلق شاخ کی جانب سے ارتھ انفراسٹرکچر لمیٹڈ، اس کے ڈائریکٹرز اور متعلقہ اداروں کے خلاف دھوکہ دہی، مجرمانہ خیانت اور سازش کے تحت درج کی گئی پانچ ایف آئی آرز پر مبنی ہیں۔ اس کے علاوہ، سیریس فراڈ انویسٹی گیشن آفس نے بھی ارتھ گروپ کے پروموٹرز اور ڈائریکٹرز کے خلاف کمپنیز ایکٹ کے تحت مجرمانہ شکایت درج کر رکھی ہے۔ ای ڈی کی تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ ارتھ گروپ نے دہلی-این سی آر، گروگرام، گریٹر نوئیڈا اور لکھنؤ میں “ارتھ” برانڈ کے تحت متعدد رئیل اسٹیٹ پروجیکٹس شروع کیے تھے۔تحقیقات میں مزید بتایا گیا کہ ملزم کمپنیوں نے 19,425 سے زائد گھر خریداروں اور سرمایہ کاروں سے رہائشی اور تجارتی یونٹس کی بروقت فراہمی اور یقینی منافع کے وعدے پر تقریباً 2,024.45 کروڑ روپے جمع کیے تھے۔ تاہم، خریداروں سے بھاری ایڈوانس وصول کرنے کے باوجود پروجیکٹس یا تو مکمل نہیں ہوئے یا سرمایہ کاروں کو قبضہ نہیں دیا گیا۔ مبینہ طور پر رقوم کا استعمال گروگرام، دہلی اور راجستھان میں گروپ کمپنیوں اور خاندان کے افراد کے نام پر زمینوں کی خریداری، شیل کمپنیوں کے ذریعے فنڈز کی منتقلی، ذاتی زمین کے سودوں، غیر متعلقہ اداروں کو ایڈوانس کی ادائیگی، اور خاندان کے ارکان کو بغیر کسی کاروباری کردار کے تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے کیا گیا۔اس دھوکہ دہی میں ملوث اہم افراد میں اودھیش کمار گوئل، رجنیش متل، اتل گپتا اور وکاس گپتا شامل ہیں۔ تحقیقات میں لیوینڈر انفراٹیک پرائیویٹ لمیٹڈ، دھرو رئیل اسٹیٹ ڈویلپرز پرائیویٹ لمیٹڈ، مرلی دھر انفرا کون پرائیویٹ لمیٹڈ، بانکے بہاری فارمنگ پرائیویٹ لمیٹڈ اور جولین انفرا کون پرائیویٹ لمیٹڈ جیسے گروپ اداروں کے ذریعے جرائم کی رقم کی منتقلی اور غیر منقولہ جائیدادوں کے حصول کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔



