ہومNationalگھریلو ایل پی جی سلنڈر 60 اور کمرشل 114.5 روپے مہنگا ہوا

گھریلو ایل پی جی سلنڈر 60 اور کمرشل 114.5 روپے مہنگا ہوا

نئی دہلی، 7 مارچ:۔ (ایجنسی) ملک میں گھریلو ایل پی جی (مائع پٹرولیم گیس) سلنڈر کی قیمت میں 60 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 114.5 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق ہفتہ سے ہو گیا ہے، جس کے بعد گھریلو اور تجارتی صارفین دونوں پر اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔

حکومت نے تیل کمپنیوں کو پیداوار بڑھانے کے احکامات جاری کیے

دہلی میں گھریلو سلنڈر 913 روپے کا
انڈین آئل کارپوریشن (آئی او سی) کے مطابق قومی دارالحکومت نئی دہلی میں بغیر سبسڈی والے 14.2 کلوگرام گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 853 روپے سے بڑھ کر 913 روپے ہو گئی ہے۔ گزشتہ تقریباً 11 ماہ کے دوران گھریلو سلنڈر کی قیمت میں یہ دوسرا اضافہ ہے۔ اس سے قبل 8 اپریل 2025 کو اس کی قیمت میں 50 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔
تیل کمپنیوں کو پیداوار بڑھانے کے احکامات
مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے کشیدگی کے باعث دنیا بھر میں تیل کی سپلائی متاثر ہوئی ہے اور قیمتیں بلند ہو گئی ہیں۔ قطر انرجی، جو ہندوستان کو بڑی مقدار میں گیس فراہم کرتی ہے، نے پروڈکشن روک دی ہے، جس سے اندیشہ ہے کہ اگر کشیدگی طول پکڑتی ہے تو ملک میں رسوئی گیس کی قلت پیدا ہو سکتی ہے۔ اس پس منظر میں مودی سرکار نے ہنگامی اختیارات استعمال کرتے ہوئے ملک کی تمام آئل ریفائنریز کو ایل پی جی کی پیداوار بڑھانے کا حکم دیا ہے تاکہ تقریباً 33.2 کروڑ ایل پی جی صارفین کو گیس کی فراہمی بلا رکاوٹ جاری رہے۔
عالمی حالات اور سپلائی چین کے اثرات
خبر رساں ایجنسی ’’رائٹرز‘‘ کی رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے تناؤ سے سپلائی چین متاثر ہو سکتی ہے، جس سے ایل پی جی کی دستیابی پر دباؤ پڑنے کا خطرہ ہے۔ حکومتی ذرائع نے عوام میں اعتماد بحال کرنے کے لیے کہا ہے کہ ملک کے پاس توانائی کے کافی ذرائع موجود ہیں اور ہرمز کے راستے پر مکمل انحصار نہیں کیا گیا۔
مختلف شہروں میں گھریلو سلنڈر کی قیمتیں
آئی او سی کے مطابق ایل پی جی کی قیمتیں مختلف ریاستوں میں مقامی سیلز ٹیکس یا ویلیو ایڈڈ ٹیکس (ویٹ) کی شرح کے مطابق مختلف ہوتی ہیں۔ نئی قیمتوں کے مطابق 14.2 کلوگرام گھریلو ایل پی جی سلنڈر ممبئی میں 912.50 روپے، کولکاتہ میں 939 روپے اور چنئی میں 928.50 روپے ہو گیا ہے، جبکہ نوئیڈا میں بھی اس کی قیمت دہلی کے برابر 913 روپے ہو گئی ہے۔
کمرشل سلنڈر کی قیمت میں اضافہ
ہوٹلوں، ریستورانوں اور دیگر تجارتی اداروں میں استعمال ہونے والے 19 کلوگرام کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں بھی 114.5 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد نئی دہلی میں اس کی قیمت بڑھ کر 1883 روپے ہو گئی ہے۔ یکم مارچ کو بھی 19 کلوگرام سلنڈر کی قیمت میں 28 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔
اجولا یوجنا کے مستفیدین کو سبسڈی برقرار
پردھان منتری اجولا یوجنا کے تحت مستفید ہونے والے خاندانوں کو سبسڈی کی سہولت بدستور جاری رہے گی۔ اس اسکیم کے تحت مفت ایل پی جی کنکشن حاصل کرنے والے 10 کروڑ سے زائد غریب خاندانوں کو سال میں 12 سلنڈروں تک فی سلنڈر 300 روپے کی سبسڈی دی جاتی ہے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات