Friday, February 6, 2026
ہومNationalمہینوں سے مسئلے کی نشاندہی کر نے کے با وجودچیف الیکشن کمشنر...

مہینوں سے مسئلے کی نشاندہی کر نے کے با وجودچیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار خاموش

مغربی بنگال میں ووٹر لسٹ سے بڑی تعداد میں نام ایک “پراسرار خراب سافٹ ویئر” کے ذریعے ہٹائے جا رہے ہیں:ترنمول

نئی دہلی، 6 فروری (یو این آئی) ترنمول کانگریس نے جمعہ کو الیکشن کمیشن پر مغربی بنگال میں ووٹر فہرست سے بڑے پیمانے پر نام ہٹانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ نام کے الیکشن کمیشن کی جانب سے استعمال کردہ ایک پراسرار خراب سافٹ ویئر کے ذریعہ ہٹائے گئے ہیں۔ترنمول کانگریس کے راجیہ سبھا کے رکن ساکیت گوکھلے نے کہا کہ اب تو کمیشن کے افسران نے بھی تسلیم کرلیا ہے کہ سافٹ ویئر کی گڑبڑیکی وجہ سے صحیح ووٹروں کے نام ووٹر لسٹ سے حذف ہو گئے ہیں۔ ان کے مطابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی کئی مہینوں سے اس معاملے کو اٹھا رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ “آخرکار کمیشن کے افسران نے بھی مان لیا ہے کہ بنگال کی ووٹر لسٹ سے بڑی تعداد میں نام ایک پراسرار خراب سافٹ ویئر کی وجہ سے ہٹائے گئے ہیں۔ ہمارے لیڈر مہینوں سے اس مسئلے کی نشاندہی کر رہے تھے، پھر بھی چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار خاموش رہے۔”مبینہ سافٹ ویئر پر سوال کرتے ہوئے مسٹر گوکھلے نے کہا کہ یہ نظام کس نے تیار کیا اور خراب ہونے کے باوجود اس کا استعمال کیوں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ “کمیشن کے لیے یہ پراسرار سافٹ ویئر کس نے بنایا جو درست ووٹروں کے نام ہٹا دیتا ہے؟ کمیشن کو معلوم ہونے کے باوجود کہ یہ خراب ہے، اسے فوری طور پر کیوں نہیں روکا جا رہا؟”ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نے اس معاملے میں سیاسی مداخلت کا الزام لگاتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الیکشن کمیشن کو کنٹرول کرنے کا بھی الزام لگایا۔ انہوں نے کہا “زمینی سطح پر ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) میں چھیڑ چھاڑ کی کوششوں میں ناکامی کے بعد، بی جے پی کے کنٹرول والے الیکشن کمیشن نے دہلی میں بیٹھ کر انتخابی افسران کو بائی پاس کرتے ہوئے ایک سافٹ ویئر کے ذریعے ووٹروں کے نام ہٹا دیے۔ یہ اعلیٰ سطح کی انتہائی گندی چال ہے۔”مسٹر گوکھلے نے یہ الزامات ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظرثانی کے عمل کے درمیان لگایاہے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر لسٹ کو اپ ڈیٹ کرنا ایک باقاعدہ عمل ہے، جس میں فرضی، منتقل ہو چکے یا فوت شدہ ووٹروں کے نام ہٹائے جاتے ہیں اور نئے اہل ووٹروں کو شامل کیا جاتا ہے۔سیاسی جماعتیں اس عمل پر گہری نظر رکھتی ہیں، خاص طور پر انتخابات سے پہلے، اس خدشے کے پیش نظر کہ غلطیوں کی وجہ سے ووٹر اپنے حقِ رائے دہی سے محروم نہ ہو جائیں۔ تادم تحریر الیکشن کمیشن نے ان الزامات پر کوئی باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا، تاہم کمیشن پہلے واضح کر چکا ہے کہ ووٹر لسٹ میں تبدیلیاں طے شدہ طریقۂ کار اور کئی سطحوں کی جانچ کے بعد کی جاتی ہیں، جس میں بوتھ لیول افسران اور سیاسی جماعتوں کے نمائندے بھی شامل ہوتے ہیں۔ترنمول کانگریس نے الیکشن کمیشن سے زیادہ شفافیت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک مکمل وضاحت نہ دی جائے، اس مبینہ سافٹ ویئر کا استعمال فوری طور پر بند کیا جائے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات