دہلی : دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز لال قلعہ کار دھماکہ کیس میں گرفتار ملزم جاسر بلال وانی کی اس درخواست کو مسترد کر دیا جس میں انہوں نے این آئی اے ہیڈکوارٹر میں وکیل سے ملاقات کی اجازت مانگی تھی۔ جسٹس سوارانا کانتا شرما نے نوٹ کیا کہ ملزم ٹرائل کورٹ کی طرف سے منظور کردہ کسی بھی حکم کو تحریری طور پر دکھانے میں ناکام رہا ہے جس میں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) ہیڈکوارٹر میں اپنے وکیل سے ملنے سے متعلق اس کی درخواست کو مسترد کیا گیا ہے۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ ملزم کوئی خاص شخص نہیں ہے، انہوں نے مزید کہا کہ عدالت میں ایک خاص طریقہ کار پر عمل کرنا ہوگا اور کسی شخص کےلئے کوئی نیا طریقہ کار نہیں بنایا جا سکتا۔ جج نے کہاکہ عدالت کے یہ ریمارکس اس وقت کیے گئے جب وانی کے وکیل نے دعویٰ کیا کہ درخواست کو ٹرائل کورٹ نے زبانی طور پر مسترد کر دیا تھا۔ عدالت نے مزید کہا کہ “آپ کو لگتا ہے کہ میں اپنا طریقہ کار خود بناؤں گا؟ لیکن ایسا نہیں کیا جاسکتا۔” جسٹس شرما نے کہاکہ “کوئی زبانی حکم نہیں ہو سکتا۔ اگر آپ کے پاس تحریری فیصلہ نہیں ہے تو آپ یہاں کیا کررہے ہیں؟” “سب سے پہلے مسترد کرنے کا تحریری حکم ہونا چاہئے اس کے بعد ہی اسے میرے سامنے چیلنج کیا جاسکتا ہے… یہ ایک آئینی عمل ہے جس کی ہم سب پیروی کرتے ہیں۔” این آئی اے نے وانی کو 17 نومبر کو گرفتار کیا، جو 10 نومبر کو لال قلعہ کار دھماکہ کے خودکش حملہ آور عمر ان نبی کا مبینہ “سرگرم ساتھی” تھا۔ دھماکہ میں 15 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ 18 نومبر کو ایک ٹرائل کورٹ نے وانی کو 10 دن کی این آئی اے تحویل میں بھیج دیا۔ ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران وانی کے وکیل نے دعویٰ کیا کہ ایک وکیل ملزم سے ملنے این آئی اے کے دفتر گیا تھا لیکن ایجنسی نے ملاقات سے انکار کیا اور ان سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں عدالتی ہدایت دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے اس سلسلے میں ایک درخواست کے ساتھ ٹرائل کورٹ سے رجوع کیا تو ٹرائل کورٹ نے قانونی ‘ملاقات ‘ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کو اپنی پسند کے وکیل سے ملنے کی درخواست کو زبانی طور پر مسترد کردیا۔



