مودی نے ادڈیشہ سے سودیشی 4جی نیٹ ورک سمیت 60 ہزار کروڑ روپے کے منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا
جھارسوگڑا، 27 ستمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے اُڈیشہ میں 60 ہزار کروڑ روپے کی ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ جب سے ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت بنی ہے، ریاست میں ترقی کی رفتار تیز ہوئی ہے اور تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔پی ایم مودی نے اُڈیشہ میں بی جے پی حکومت بننے کے بعد اپنے چھٹے دورے کے دوران جھارسوگڑا میں ہفتہ کے روز ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اُڈیشہ میں جب سے بی جے پی کی حکومت آئی ہے تب سے ریاست نے ترقی کی رفتار پکڑ لی ہے اور کئی ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت کا مقصد غریبوں کی خدمت کرنا اور غریبوں، دلتوں، آدیواسیوں اور پسماندہ طبقات کو مضبوط بنانا ہے۔جب غریبوں کو پکا گھر ملتا ہے تو ان کی آنے والی نسلیں بھی مستحکم ہو جاتی ہیں۔ اب تک ملک میں چار کروڑ لوگوں کو پکے گھر مل چکے ہیں اور اُڈیشہ میں ہزاروں نئے پکے گھروں کی اسکیم جاری ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ وہ ہمیشہ اُڈیشہ کی طاقت اور اس کے عوام کی صلاحیتوں پر یقین رکھتے ہیں۔ قدرت نے اُڈیشہ کو بہت کچھ دیا ہے، اور اب اس کا فائدہ یہاں کے لوگوں کو ملے گا اور ان کی ترقی کے لیے کام ہو گا ۔ مرکزی حکومت اُڈیشہ میں مسلسل پروجیکٹ لا رہی ہے اور اب یہاں ایک سیمی کنڈکٹر پروجیکٹ قائم کیا جا رہا ہے۔ پی ایم مودی نے کہا کہ چھوٹی اشیاء جیسے فریج، کمپیوٹر، موبائل فون وغیرہ کے لیے چپس بنانے کا کام اب اُڈیشہ میں کیا جائے گا۔ کسی نے سوچا بھی نہ تھا کہ آسام اور اُڈیشہ سیمی کنڈکٹر کے پارک بنیں گے اور ان کے پلانٹ یہاں لگائے جائیں گے۔پی ایم مودی نے کہا کہ ملک کا ہر شہری خود کفالت چاہتا ہے۔ ملک ہر سطح پر اب خود کفیل ہونا چاہتا ہے اور اس کے لیے صنعتوں اور ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑے بڑے جہاز بنانے کے لیے 70 ہزار کروڑ کے منصوبے تیار کیے گئے ہیں اور مینوفیکچرنگ سیکٹر کو مسلسل فروغ دیا جا رہا ہے۔ ان تمام منصوبوں کا سب سے زیادہ فائدہ ملک کے نوجوانوں کو ہوگا اور لاکھوں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ جب ملک میں 2 جی، 3 جی اور 4 جی پروجیکٹ شروع کیے گئے تو ہندوستان بہت پیچھے رہ گیا تھا۔ ہمیں دوسروں پر انحصار کرنا پڑتا تھا، اس لیے ہماری حکومت نےملک میں ہی 4 جی ٹیکنالوجی تیار کی۔ انہوں نے ملک کے باصلاحیت نوجوانوں کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے یہ تاریخ رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اب دنیا کے ان پانچ ممالک میں شامل ہو گیا ہے جن کے پاس ملک میں تیار کردہ 4 جی ٹیکنالوجی ہے۔ ہندوستان اب اس ٹیکنالوجی کا مرکز بننے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ 4 جی ٹاورز ملک کی دیہی زندگی میں انقلاب برپا کر دیں گے۔ جن گاؤوں میں پہلے انٹرنیٹ کی سہولت نہیں تھی اب ان کی اس تک رسائی ہو جائے گی اور بے شمار لوگ اس سے مستفید ہو سکیں گے۔
پی ایم مودی نے کہا کہ جب ان کی حکومت نے آیوشمان یوجنا شروع کی تو اس کا سب سے زیادہ فائدہ ماؤں اور بہنوں کو ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سواستھ ناری ابھیان چلایا ہے اور اس کے تحت تین لاکھ سے زیادہ خواتین نے اپنی صحت کا معائنہ کرایا ہے اور یہاں موجود تمام ماؤں بہنوں کو بھی اپنے صحت کی جانچ کرانی چاہیے۔وزیر اعظم نے جی ایس ٹی اصلاحات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ 22 ستمبر سے شروع ہو گئی ہیں۔ نئی جی ایس ٹی سے لوگوں کو ضروری اشیاء کم دام پر مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سیمنٹ کی قیمت پر ٹیکس کم ہوا تو ہماچل میں کانگریس حکومت نے دوسرے ٹیکس لگا کر سیمنٹ کے دام کم نہیں ہونے دیے اور عوام کو لوٹنے کا کام جاری رکھا۔ اس لیے کانگریس ہی نہیں بلکہ اس کی اتحادی سیاسی جماعتوں سے بھی بچنے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے اس دوران امرت بھارت ایکسپریس ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائی اور ٹیلی کام، ریلوے، اعلیٰ تعلیم، صحت، ہنر اور ترقی سے وابستہ دوسرے مرحلے کی اسکیموں کا آغاز کیا اور آٹھ آئی آئی ٹی توسیعی کیمپس کی بنیاد بھی رکھی۔ اس پر 11 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے تقریباً 11 ہزار طلبہ کو تعلیم کے مواقع دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے دور دراز کے گاؤوں کو جوڑنے کیلئے37 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے بی ایس این ایل کی دیسی ٹیکنالوجی سے تیار4 جی نیٹ ورک کا بھی افتتاح کیا۔اس موقع پر ریاست کے گورنر ہری بابو اور ریاست کے وزیر اعلیٰ موہن چندر ماجھی سمیت کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔
وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز منعقدہ ایک پروگرام کے دوران 60,000 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگِ بنیاد رکھا۔یہ منصوبے ٹیلی کمیونیکیشن، ریلویز، اعلیٰ تعلیم، صحت خدمات، ہنر مندی کے فروغ اور دیہی مکانات وغیرہ جیسے شعبوں سے متعلق ہیں۔ پروگرام میں اُڈیشہ کے گورنر ہری بابو کمبھم پتی، وزیراعلیٰ موہن چرن ماجھی، قبائلی امور کے مرکزی وزیر جُوال اوراؤں اور دیگر معزز شخصیات شریک ہوئیں۔وزیراعظم مودی نے ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورک میں ہندوستان کی جدید ٹیکنالوجی کی ترقی کی صلاحیت کو ظاہر کرنے والی سودیشی ٹیکنالوجی سے تیار اور ملک کے مختلف حصوں میں نصب 97,500 سے زائد موبائل 4G ٹاوروں کا افتتاح کیا۔ اس منصوبے کی لاگت تقریباً 37,000 کروڑ روپے ہے۔ ان میں بی ایس این ایل کی جانب سے نصب کردہ 92,600 سے زائد 4G سائٹس شامل ہیں اور ان کی فنڈنگ ’ڈیجیٹل بھارت ندھی‘ کے تحت کی گئی ہے۔یہ ٹاور 18,900 سے زائد 4G سائٹس پر نصب کئے گئے ہیں اور ان کے ذریعے دُور دراز، سرحدی اور بائیں بازو کی انتہا پسندی سے متاثرہ علاقوں کے تقریباً 26,700 دیہات کو 4G نیٹ ورک سے جوڑا گیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس سے مزید 20 لاکھ سے زیادہ نئے صارفین کو سروس فراہم کی جا سکے گی۔ یہ ٹاور شمسی توانائی سے چلتے ہیں، جو انہیں ہندوستان کی گرین ٹیلی کام سائٹس کا سب سے بڑا کلسٹر بناتے ہیں اور یہ پائیدار انفراسٹرکچر کی طرف ایک اہم قدم ہے۔اس کے علاوہ وزیراعظم مودی نے یہاں سے کئی اہم ریل منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا اور قوم کے نام وقف کیا۔ ان میں سمبل پور-سرلا ریل فلائی اوور کا سنگِ بنیاد، کوراپُٹ-بیگُوڈا لائن کے دوہرے ٹریک اور منابار- کوراپُٹ-گورپور لائن کو قوم کے نام وقف کرنا شامل ہے۔ وزیراعظم نے برہام پور اور اُدھنا (سورت) کے درمیان امرت بھارت ایکسپریس کو بھی ہری جھنڈی دکھا کر اس ریل سروس کا آغاز کیا۔



