آسٹریلیائی وزیرِ خارجہ پینی وونگ ہندوستان کے دورے پر
نئی دہلی، 19 نومبر (یو این آئی) آسٹریلیا کی وزیرِ خارجہ پینی وونگ آج شام ہندوستان پہنچیں گی، جہاں وہ ہندوستان۔آسٹریلیا 16ویں فریم ورک ڈائیلاگ میں شرکت کریں گی۔ اس ملاقات کا مقصد سائبر اور اسٹریٹیجک ٹیکنالوجی، تجارت اور دفاع سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔آسٹریلیا اور ہندوستان اس بات کے لیے پُرعزم ہیں کہ وہ دوطرفہ کوآڈ اور دیگر کثیر جہتی اداروں کے پلیٹ فارمز کے ذریعے اجتماعی سلامتی اور خوشحالی کو آگے بڑھائیں گے۔وزیرِ خارجہ وونگ نے کہا،”آسٹریلیا اور ہندوستان کبھی بھی اس قدر قریب نہیں رہے اور ہماری شراکت داری کبھی اتنی اہم نہیں رہی۔ موجودہ پیچیدہ اور مسابقتی دنیا میں یہ دونوں ممالک اور پورے خطے کے لیے نہایت ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا”میرا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان مسلسل بڑھتے رابطوں کی عکاسی کرتا ہے اور البانیز حکومت کے اس عزم کی بھی کہ ہم اپنے تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنائیں۔ ہمارا جامع اسٹریٹیجک شراکت داری کے تحت تعاون ایک پُرامن، مستحکم اور خوشحال انڈو پیسیفک کے مشترکہ وژن کی نشاندہی کرتا ہے۔وزیرِ خارجہ وونگ، ہندوستانی وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس۔ جے شنکر سے بھی ملاقات کریں گی۔یہ اُن کی باہمی طور پر 26ویں ملاقات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت کا محور مستقبل کی ایک وسیع اور فعال ایجنڈا ترتیب دینا ہوگا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا”ہم سائبر اور اسٹریٹیجک ٹیکنالوجی، تجارت، بحری سلامتی، دفاع، کھیل اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے کام کریں گے۔ آسٹریلیا اور ہندوستان مشترکہ طور پر دوطرفہ، کوآڈ کے ذریعے اور کثیر جہتی اداروں کے اندر اجتماعی سلامتی اور خوشحالی کو آگے بڑھا رہے ہیں۔



