Sunday, December 21, 2025
ہومNationalمنریگا سے مہاتما گاندھی کا نام ہٹانے کی کوشش گاندھیائی اقدار اور...

منریگا سے مہاتما گاندھی کا نام ہٹانے کی کوشش گاندھیائی اقدار اور دیہی غریبوں کے حقوق پر حملہ:محمد اظہرالدین

حیدرآباد 20دسمبر(یواین آئی)تلنگانہ کے وزیراقلیتی بہبود محمد اظہر الدین نے سکندرآباد کے ایم جی روڈ پر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے زیراہتمام منعقدہ ایک بڑے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔یہ احتجاج بی جے پی کی زیرقیادت مرکزی حکومت کی جانب سے نریگا کا نام تبدیل کرنے کی کوششوں کے خلاف کیا گیا۔آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ملک گیر اپیل پر منعقدہ اس احتجاج میں ریاست بھر سے سینئر کانگریس قائدین، وزرائ، ارکان اسمبلی اور بڑی تعداد میں پارٹی کارکنوں نے حصہ لیا۔مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر محمد اظہر الدین نے پارٹی کے موقف کی بھرپور تائید کی اور کہا کہ نریگا دیہی خاندانوں کو روزگار کے تحفظ، وقار اور معاشی استحکام فراہم کرنے والی سب سے اہم فلاحی اسکیموں میں سے ایک ہے، جو مہاتما گاندھی کے نظریات سے متاثر ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسکیم سے مہاتما گاندھی کا نام ہٹا کر اس کی شناخت ختم کرنے کی کوئی بھی کوشش گاندھیائی اقدار اور دیہی غریبوں کے حقوق پر حملہ ہے۔ وزیر موصوف نے پختہ عزم کا اظہار کیا کہ کانگریس پارٹی ایسی کوششوں کی مزاحمت جاری رکھے گی اور کسانوں، مزدوروں اور پسماندہ طبقات کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی رہے گی۔اس موقع پر وزیر محمد اظہر الدین کے فرزند اسد الدین بھی احتجاج میں موجود تھے، جو عوامی مقاصد اور جمہوری اقدار کے تئیں خاندان کی وابستگی کی عکاسی کرتا ہے۔ احتجاجی پروگرام کے دوران مہاتما گاندھی کی تصاویر، حب الوطنی کے گیتوں اور نعروں کے ذریعہ مرکز کے اس اقدام کو مسترد کیا گیا اور اسکیم کی اصل روح کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ٹی پی سی سی نے اعلان کیا کہ دو روزہ ریاست گیر احتجاج کے حصہ کے طور پر تلنگانہ کے تمام اضلاع میں اسی طرح کے مظاہرے کئے جائیں گے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات