بجرنگ دل رہنما گرفتار۔ ایف آئی آر درج
نئی دہلی۔27؍ دسمبر۔ ایم این این۔وزارتِ داخلہ نے جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (JKSA) کو یقین دہانی کرائی ہے کہ کشمیری شال فروش تاجروں پر کسی بھی حملے، دھمکی یا ہراسانی کے خلاف سخت اور فوری کارروائی کی جائے گی اور اس سلسلے میں “زیرو ٹالرینس” کی پالیسی اپنائی جائے گی۔ یہ پیش رفت اُتراکھنڈ کے ضلع اُدھم سنگھ نگر کے کشی پور (کاشی پور) علاقے میں ایک کشمیری شال تاجر پر ہونے والے سفاکانہ حملے کے بعد سامنے آئی ہے۔ جے کے ایس اےنے اس واقعے کو مرکز، اُتراکھنڈ حکومت اور جموں و کشمیر کے اعلیٰ حکام کے ساتھ اُٹھایا تھا، جس میں متاثرہ تاجر کو دی جانے والی جان سے مارنے کی دھمکیوں اور حملے کی تفصیلات پیش کی گئیں، جن کا تعلق مبینہ طور پر بجرنگ دل سے وابستہ شرپسند عناصر سے جوڑا جا رہا تھا۔ایسوسی ایشن کے قومی کنوینر ناصر خویہامی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس معاملے میں ایف آئی آر نمبر 517/25 درج کر لی گئی ہے اور مرکزی ملزم، جس کی شناخت بجرنگ دل کے رہنما انکُر سنگھ کے طور پر ہوئی، کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ دیگر نامزد ملزمان کو بھی پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ جے کے ایس نے پولیس کی اس بروقت اور مؤثر کارروائی کا خیرمقدم کیا ہے۔ناصر خویہامی کے مطابق، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس اُتراکھنڈ اور انسپکٹر جنرل آف پولیس کُماؤں رینج، ردھیم اگروال نے ایسوسی ایشن کو بتایا کہ پولیس نے نہ صرف اس واقعے کا نوٹس لیا بلکہ خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں، چھاپے مارے، گرفتاریاں یقینی بنائیں اور متعلقہ قانونی دفعات کے تحت کارروائی کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ ان کے مطابق، تمام نامزد ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔وزارتِ داخلہ کے ایک سینئر اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے ناصر خویہامی نے کہا:“کشمیری تاجروں اور طلبہ کی سلامتی، وقار اور روزگار کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور قانون کی بالادستی ہر صورت قائم رکھی جائے گی۔”ایسوسی ایشن نے اس مشکل وقت میں متاثرہ فرد کی مدد، بروقت مداخلت اور زمینی سطح پر تعاون کے لیے مرکزی حکومت، اُتراکھنڈ حکومت اور آئی جی پی ردھیم اگروال کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔
جے کے ایس اے کے مطابق، پولیس کی فوری اور غیر جانبدار کارروائی نے واضح پیغام دیا ہے کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، اور اس اقدام سے کشمیری تاجر برادری میں اعتماد بحال ہوا ہے۔



