جی ایم سی اننت ناگ میں زخمی سیاحوں سے ملے
سرینگر، 23 اپریل (ہ س): مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بدھ کو اننت ناگ کا دورہ کیا،جہاں سیاحوں پر دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں۔عہدیداروں نے بتایا کہ آج صبح امت شاہ نے پہلگام حملے میں مارے گئے سیاحوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے فوراً بعد سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے اور جی ایم سی اننت ناگ میں زخمی سیاحوں سے ملنے کے لئے پہلگام کا دورہ کیا۔ امت شاہ دہشت گردانہ حملے کے ردعمل کا جائزہ لینے کل سری نگر پہنچے تھے۔ انہیں وزیر اعظم نریندر مودی نے ذاتی طور پر صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت کی تھی۔ کل، شاہ نے انٹیلی جنس بیورو، وزارت داخلہ، جموں و کشمیر پولیس اور دیگر ایجنسیوں کے اعلیٰ حکام کے ساتھ حملے اور مستقبل کے حفاظتی اقدامات پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی میٹنگ کی صدارت کی۔واقعے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے فرار ہونے والے دہشت گردوں کا پتہ لگانے کے لیے بایسران کے جنگل میں تلاشی شروع کردی۔



