تین جنرل بوگیاں تباہ؛ مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا
امرتسر، 18 اکتوبر (یو این آئی)پنجاب کے امرتسر سے بہار کے سہرسہ جانے والی غریب رتھ ایکسپریس ٹرین میں ہفتہ کی صبح سرہند ریلوے اسٹیشن کے نزدیک آگ لگ گئی، جس سے تین جنرل کوچ کو نقصان پہنچا۔ٹرین کے کوچ نمبر 19 میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی، جس میں لدھیانہ کے متعدد تاجر سوار تھے۔سرہند ریلوے اسٹیشن سے امبالہ جانے والی ٹرین کو ایک بوگی سے دھواں نکلنے کے بعد روکا گیا۔ مگر آگ تیزی سے تین بوگیوں تک پھیل گئی۔ آگ لگتے ہی کوچ نمبر 19 میں سوار ایک مسافر نے ٹرین کی زنجیر کھینچ لی جس سے ٹرین رک گئی۔ کوچ میں موجود مسافروں نے فوری طور پر اپنا سامان چھوڑ کر نیچے اتر گئے۔ افراتفری کے درمیان اترتے ہوئے کئی مسافر زخمی ہوگئے۔ متعدد مسافر اپنے بچوں کے ساتھ سفر کر رہے تھے۔ مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ حادثے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔اطلاع ملنے پر ریلوے، فائر بریگیڈ اور پولس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ تقریباً ایک گھنٹے میں آگ پر قابو پالیا گیا۔ آگ لگنے سے کوچ نمبر 19 مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ کوچ نمبر 18 کو بھی نقصان پہنچا۔ جلے ہوئے کوچ کو ہٹانے کے بعد ٹرین تین گھنٹے بعد امبالہ کی طرف روانہ ہوئی۔سرہند جی آر پی کے ایس ایچ او رتن لال نے بتایا کہ جیسے ہی ایک کوچ سے دھواں نکلتا ہوا دیکھا گیا تو ٹرین کو روک دیا گیا۔ آگ لگنے سے تین کوچز کو نقصان پہنچا۔ آگ لگنے کی وجہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ریلوے کی وزارت نے بتایا کہ ٹرین نمبر 12204 امرتسر-سہرسہ کے ایک ڈبے میں آج صبح پنجاب کے سرہند اسٹیشن پر آگ لگ گئی۔ آگ بجھا دی گئی ہے۔ ایک مسافر کو معمولی چوٹیں آئی ہیں اور وہ اسپتال میں زیر علاج ہے۔امبالہ ڈویژنل ریلوے منیجر ونود بھاٹیہ نے بتایا کہ واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی تھی۔
اس واقعہ سے کئی دیگر ٹرینیں بھی متاثر ہوئیں۔ امرتسر شتابدی ایکسپریس، گرومکھی سپر فاسٹ ایکسپریس، سچکھنڈ ایکسپریس، دہلی انٹرسٹی ایکسپریس، اور جالندھر انٹرسٹی ایکسپریس سمیت کئی ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ فتح گڑھ صاحب کے پولیس سپرنٹنڈنٹ شبھم اگروال نے بتایا کہ فتح گڑھ صاحب پولیس کنٹرول روم کو صبح سویرے ٹرین میں آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ پولس، جی آر پی اور ریلوے پولس فوراً موقع پر پہنچ گئی۔ مسافروں کو ٹرین سے باہر نکالا گیا، اور پھر ریلوے نے بوگیوں کو دونوں اطراف سے الگ کردیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آگ میں کچھ لوگوں کا سامان جل گیا، ان کی فہرست مرتب کی جا رہی ہے۔ پولس کی فورنسک ٹیم بھی واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ ٹرین کے اندر سی سی ٹی وی کیمرے نصب تھے، اور ان کی فوٹیج کی جانچ کی جا رہی ہے۔مسافروں کے مطابق، ٹرین صبح 7 بجے سرہند اسٹیشن سے گزری تھی، اس وقت ایک مسافر نے کوچ نمبر 19 سے دھواں اٹھتے دیکھا، اس نے فوری طور پر الارم بجا کر زنجیر کھینچی۔ کوچ نمبر 18 میں سفر کرنے والے لدھیانہ کے باشندے مکیش گوتم نے بتایا کہ جب ٹرین سرہند پہنچی تو کوچ نمبر 19 سے لوگ کوچ نمبر 18 کی طرف بھاگنے لگے۔ وہ کہہ رہے تھے کہ کوچ میں دھواں بھر گیا تھا اور ٹرین چل رہی تھی۔ اسی دوران ایک مسافر نے زنجیر کھینچی، اور ٹرین رک گئی۔ خوش قسمتی سے تمام مسافر بروقت قریبی کوچوں میں منتقل ہو گئے۔



