نئی دہلی، 6 جنوری (یواین آئی) ادائیگی سہولت پلیٹ فارم امیزون پے نے ہندوستان میں اپنی خدمات کو وسعت دیتے ہوئے منگل کو فکسڈ ڈپازٹ سہولت کے آغاز کا اعلان کیا۔امیزون پے نے ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ اس نے اس کے لیے دو بڑی غیر بینکاری مالیاتی کمپنیوں (این بی ایف سی) شری رام فائننس اور بجاج فائننس کے ساتھ ساتھ پانچ بینکوں — شوالک اسمال فائننس بینک، سوریہ دے اسمال فائننس بینک، ساؤتھ انڈین بینک، سلائس اور اتکرش اسمال فائننس بینک کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کی ہے۔ریلیز میں کہا گیا ہے کہ صارفین امیزون پے پر صرف 1,000 روپے سے فکسڈ ڈپازٹ اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں۔ اس کے لیے انہیں متعلقہ بینک میں بچت کھاتہ کھولنے کی ضرورت بھی نہیں ہوگی۔ شراکت دار ادارے سالانہ آٹھ فیصد تک سود کی پیشکش کر رہے ہیں۔ تمام شراکت دار بزرگ شہریوں کو اضافی 0.5 فیصد سود فراہم کرتے ہیں۔ شری رام فائننس خواتین سرمایہ کاروں کو بھی 0.5 فیصد تک اضافی سود کی پیشکش کر رہا ہے۔امیزون پے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وکاس بنسل نے کہاکہ “ہندوستان میں یقینی آمدنی والی کمپنی کافی مقبول ہیں، کیونکہ ان کی ساخت سادہ ہوتی ہے، منافع یقینی ہوتا ہے اور خطرہ کم ہوتا ہے۔ نئے سال کے آغاز میں ہم صارفین کے لیے اختیارات کو بڑھا رہے ہیں اور انہیں اپنی بچت پر بہتر منافع حاصل کرنے میں مدد کر رہے ہیں، تاکہ وہ 2026 کے اپنے مالیاتی اہداف کے لیے مضبوط بنیاد بنا سکیں۔”امیزون پے پہلے ہی یو پی آئی ادائیگی، قرض کی سہولت، بل ادائیگی، سفر کی بکنگ جیسی خدمات فراہم کرتا ہے۔ اب سرمایہ کاری کی مصنوعات بھی اس میں شامل ہوگئی ہیں۔ شراکت دار بینکوں کے ساتھ کی گئی فکسڈ ڈپازٹ پر فی جمع کنندہ فی بینک پانچ لاکھ روپے تک کی انشورنس سکیورٹی ملتی ہے۔صارفین امیزون پے کے ذریعے براہ راست فکسڈ ڈپازٹ فیچر کا استعمال کر سکتے ہیں، جہاں وہ شراکت دار اداروں کی پیشکشوں کا موازنہ کر سکتے ہیں، اپنی پسند کا بینک یا این بی ایف سی اور مدت منتخب کر سکتے ہیں۔



