لکھنؤ 07 جنوری (یواین آئی) سماجوادی پارٹی صدراکھلیش یادو نے منریگا کے حوالے سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت پر سخت حملہ کیا ہے اور الزام لگایا ہے کہ اس اسکیم کو آہستہ آہستہ ختم کرنے کی ایک خفیہ سازش کی گئی ہے۔مسٹر اکھلیش یادو نے بدھ کو اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر کہاکہ بی جے پی حکومت جہاں ایک طرف منریگا کے بجٹ میں مسلسل کٹوتی کر رہی ہے، وہیں دوسری طرف ریاستوں پراتنا معاشی دباؤ ڈال دیا گیا ہے کہ وہ فنڈز جمع نہیں کر پا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی نظام کے تحت مرکز سے وقت پر پیسہ نہ ملنے کی وجہ سے پہلے سے ہی خالی خزانے سے نبرد آزما ریاستیں اضافی وسائل کہاں سے لائیں گی، ایسی صورتحال میں ریاستی حکومتیں مجبور ہو کر منریگا کو خود ہی کمزور کرنے کی سمت میں دھکیلی جا رہی ہیں۔ایس پی سربراہ نے مزید کہا کہ سینکڑوں گرام سبھاؤں کو شہری زمرے میں ڈال کر ان کا بجٹ بھی ختم کر دیا گیا ہے، جس سے دیہی روزگار اورمعاش پر براہ راست چوٹ پہنچی ہے۔مسٹر اکھلیش یادو نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کا مقصد صرف منریگا کا نام بدلنا نہیں بلکہ اس کا ’رام نام ست‘ کرنا یعنی اسے پوری طرح ختم کرنا ہے۔انہوں نے سنگین الزام لگایا کہ بی جے پی اپنے سوا کسی اور کا پیٹ بھرتے نہیں دیکھ سکتی۔ انہوں نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ آج کا غریب کہہ رہا ہے کہ اسے بی جے پی نہیں چاہیے۔



