Sunday, December 21, 2025
ہومNationalتہذیب کی زبان اردو کے فروغ او رتحفظ کیلئے مل جل کر...

تہذیب کی زبان اردو کے فروغ او رتحفظ کیلئے مل جل کر کام کریں: ڈی ایم

ضلع اردو زبان سیل، جہان آباد کلکٹریٹ کے زیر اہتمام فروغ اردو سمینار و مشاعرہ کا کامیاب انعقاد

جہان آباد21 دسمبر( راست) محکمہ کابینہ سکریٹریٹ، اردو ڈائرکٹوریٹ، حکومت بہار کی ہدایت پر ضلع اردو زبان سیل، جہان آباد کلکٹریٹ کے زیر اہتمام عبد الباری ٹائون ہال میں فروغ اردو سمینار، مشاعرہ اور اردو عمل گاہ کا انعقاد عمل میں آیا۔تقریب کا آغاز ضلع مجسٹریٹ محترمہ النکریتا پانڈے اور اسٹیج پر موجود مہمانان کے ہاتھوں شمع افروزی کے ذریعہ ہوا۔ محترمہ النکریتا پانڈے نے اپنے خطاب میں کہا کہ اردو ایک زبان نہیں ،بلکہ ایک تہذیب ہے۔ اردو ہماری گنگا جمنی تہذیب کی وراثت ہے۔ ہماری یہ ذمہ داری ہوتی ہے کہ ہم اس ہندستانی وراثت کی حفاظت کریں او راسے فروغ دیں۔انہوں نے کہا کہ اردو کی جو تہذیب ہے وہ بیش قیمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندستان ایک سیکولر ملک ہے اور ہمارا آئین یہاں سبھی زبان اور سبھی مذہب کو پھلنے پھولنے کا برابر موقع فراہم کرتا ہے۔ڈی ایم موصوف نے مزید کہا کہ آج کی تقریب اسی ساجھی سنسکرتی اور تہذیب کی زبان اردوکو فروغ دینے کے لئے منعقد ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندی اور اردو دونوں زبان کا رشتہ دوبہنوں جیسا ہے۔ ہم ہندی میں بہت سے الفاظ ایسے استعمال کرتے ہیں جسے ہمیں معلوم ہی نہیں ہوتا کہ یہ لفظ اصل میں اردو کے الفاظ ہیں۔اس سے قبل ترجمہ افسر بشمول انچارج افسر ضلع اردو زبان سیل محمد نیاز نے ضلع مجسٹریٹ محترمہ النکریتا پانڈے ، ایڈیشنل کلکٹر، سنیئر ایڈیشنل کلکٹر، سب ڈویزنل افسر، ضلع اقلیتی فلاح افسرودیگر افسران سمیت تمام مہمانوں کا والہانہ استقبال کیا۔ساتھ ہی تمام مقالہ نگاران، مندوبین ، شعرا اور طلبا و طالبات کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کی شرکت کے لئے شکریہ ادا کیا۔ اسقبالیہ خطاب کے بعد اردو اور ہندی کے عظیم ادیب شاعر اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے سرفراز مرحوم ڈاکٹر قاسم خورشید کی روح کی تسکین کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی گئی۔مقالہ نگاروں میںمحمد ارشد، سید تابش امام اور شمیم اختر نے اکیسویں صدی میں اردو صحافت کی زبان او رمزاج ایک تجزیہ کے موضوع پر خطاب کیا۔ مندوبین شاہد جمال، ڈاکٹر محفوظ عالم، ارشد حنیف فلاحی نے اردو زبان کی تدریس اور مسائل کے موضوع پراظہار خیال کیا۔طلبا وطالبات کی پیش کش کے تحت پانچ اسکولی طلبا و طالبات بھی اردو زبان کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر کائنات انٹر نیشنل اسکول اور جامعہ کائنات مدرسہ کے طلباء نے دلچسپ ثقافتی پروگرام پیش کیا۔تقریب کی نظامت کائنات انٹر نیشنل اسکول اور جامعہ کائنات مدرسہ کے ڈائرکٹر شکیل احمد کاکوی نے بحسن و خوبی انجام دئے۔ اس موقع پر شاندار مشاعرہ کا انعقاد ہوا جس میں محمد شعیب آدم کاکوی، ہریندر گری شاد، محمد دانش عالم، اعجاز مانپوری، ممتا پریا، خورشید خوشتر کاکوی، یوسف شمسی کاکوی، محمد غلام سرور ، محمد ارشاد جاوید، آلوک کمار وغیرہ نےاپنے کلام سے سامعین کو خوب محظوظ کیا۔تشکراتی کلمات محمد نیاز،ترجمہ افسر بشمول انچارج افسر، ضلع اردو زبان سیل ،کلکٹریٹ جہان آباد نے ادا کئے۔ تقریب کی کامیابی میں شیخاوت علی انصاری،ڈاکٹر ریحانہ پروین، نرنجن کمار ،حنا رضوی ، شمیم احمد، مدثر عثمان، مطیع الرحمن اور روبی ناہید سلطانہ وغیرہ سرگرم کردار ادا کیا۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات