Jammu and Kashmir

جموں و کشمیر میں پی ڈی پی کے بغیر حکومت نہیں بن سکتی: محبوبہ مفتی

17views

جموں، 25 ستمبر (ہ س)۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کی آئندہ حکومت سیکولر ہوگی اور ان کی پارٹی کی حمایت کے بغیر کوئی حکومت نہیں بن سکتی۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے تین خاندانوں کے بیان پر بھی رد عمل ظاہر کیا اور کہا کہ جب نیشنل کانفرنس پاکستان سے الحاق کی بات کرتی تھی، تو مفتی محمد سعید نے کشمیر میں بھارت کا جھنڈا بلند رکھا۔ محبوبہ مفتی نے منگل کی رات جموں میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں پی ڈی پی کے بغیر کوئی حکومت نہیں بن سکتی۔ جنوبی کشمیر میں پہلے مرحلے کے انتخابات میں پی ڈی پی سب سے آگے ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان انتخابات میں سمجھداری سے ووٹ دیں۔ بی جے پی کے بڑے رہنما یہاں آتے ہیں، لیکن ان کے پاس عوام کو دینے کے لئے کچھ نہیں، وہ صرف ہم پر تنقید کرتے ہیں۔ محبوبہ مفتی نے بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وہ جموں سے وزیر اعلیٰ بنانے کا وعدہ کر کے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بی جے پی نے گورنر جموں سے کیوں نہیں بنایا؟ ان کا کہنا تھا کہ ریاست میں بے روزگاری اور منشیات کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے اتحاد پر بھی تنقید کی اور الزام لگایا کہ اس اتحاد نے کشمیر میں دہشت گردی کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ 1987 کے انتخابات میں نیشنل کانفرنس نے دھاندلی کی اور ایک متبادل کی تشکیل کو روکا جس کے نتیجے میں کشمیری نوجوان بندوقیں اٹھانے پر مجبور ہوئے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.